پشاور:بشریٰ بی بی جیل سے رہائی کے بعد پشاور پہنچ گئیں، جہاں سی ایم ہاؤس میں ان کی رہائش کا خصوصی انتظام کیا گیا ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اڈیالہ جیل سے رہائی کے بعد پشاور پہنچ گئیں، جہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں ان کی رہائش کے لیے ایک پورشن تیار کردیا گیا ہے۔ مشیر اطلاعات کے پی کے نے بشریٰ بی بی کے حوالے سے تصدیق بھی کردی ہے۔
اسپیشل جج سینٹرل اسلام آباد نے آج توشہ خانہ ٹو کیس میں سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار جاری کردی تھی، جس کے بعد انہیں عدالتی حکم پر رہا کردیا گیا۔ قبل ازیں مشال یوسفزئی عدالتی عملے کے ساتھ بشریٰ بی بی کی روبکار لے کر اڈیالہ جیل پہنچا تھا، جس پرانتظامیہ نے قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد انہیں رہا کردیا۔
رہائی کے بعد بشریٰ بی بی سفید رنگ کی گاڑی میں روانہ ہوئیں۔ اس موقع پر جیل کے اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
دریں اثنا بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے لاہور کے بجائے پشاور منتقل کردیا گیا، اس سلسلے میں پی ٹی آئی کے مقامی رہنماؤں نے تصدیق کی کہ وہ سی ایم ہاؤس پشاور میں کچھ وقت کے لیے قیام کریں گی۔ اس حوالے سے سی ایم ہاؤس میں ایک پورشن مکمل خالی کروا لیا گیا ہے۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بشریٰ بی بی کا طبی معائنہ وزیراعلیٰ انیکسی یا پھر شوکت خانم اسپتال میں کروانے کے حوالے سے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔