بھارتی طیارے میں پاکستانی حدود کے قریب بم کی اطلاع پر کراچی ائرٹریفک الرٹ

146

کراچی: بھارتی طیارے میں پاکستانی حدود کے قریب بم کی اطلاع پر کراچی ائرٹریفک  کو مختصر وقت کے لیے الرٹ کردیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہر احمد آباد سے روانہ ہونے والی ائرانڈیا کی پرواز 147 میں پاکستانی حدود کے قریب بم کی اطلاع دی گئی، جس پر کراچی ائرٹریفک ریجن کو مختصر دورانیے کے لیے الرٹ پر رکھا گیا۔ بھارتی طیارہ لندن کے گیٹ وک ائرپورٹ جا رہا تھا۔

ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا کہ بھارتی پرواز کے کپتان نے پاکستانی حدود میں داخل ہوتے وقت طیارے کی صورت حال کو اطمینان بخش قرار دیا اور بغیر کسی لینڈنگ کے منزل کی جانب سفر پر جانے سے متعلق بتایا۔

اس دوران بھارتی طیارہ کم و بیش 700 ناٹیکل مائل تک پاکستانی حدود استعمال کرتا رہا۔ طیارہ تھرپارکر، نوابشاہ اور قلات سے گزرتا ہوا افغانستان کی فضائی حدود میں داخل ہوا، قبل ازیں طیارے کو تھوڑے سے وقت کے لیے پاکستانی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہولڈ پوزیشن پر بھی رکھا گیا تھا۔