راولپنڈی (نمائندہ خصوصی )پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ آج سے راولپنڈی میں شروع ہوگا۔3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کاپہلا ٹیسٹ انگلینڈ نے جیتا جبکہ دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کامیاب رہا، اب تیسرا اور فیصلہ کن ٹیسٹ راولپنڈی اسٹیڈیم میں آج سے شروع ہو رہا ہے۔میچ کے لیے دونوں ٹیموں نے بھرپور تیار یاں کرر کھی ہیں ، پنڈی ا سٹیڈیم میں پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں نے بھرپور ٹریننگ کی، بولنگ، بیٹنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس بھی کی ۔آخری ٹیسٹ کے لیے پچ خاص توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے جسے ا سپنرز کے لیے موزوں قرار دیا جا رہا ہے، پچ میں موجود نمی کو ختم کرنے کے لیے انڈسٹریل پنکھوں کو استعمال کیا گیا ہے جبکہ ہیٹر بھی لگائے گئے ہیں۔قومی سلیکٹر عاقب جاوید، ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی، کپتان شان مسعود اور ٹیم مینجمنٹ نے پچ کا معائنہ بھی کیا۔سیریز کے فیصلہ کن ٹیسٹ میں انگلینڈ نے 3 اسپیشلسٹ اسپنرز کھلانے کا اعلان کیا ہے، جیک لیچ اور شعیب بشیر کے ساتھ لیگ اسپنر ریحان احمد کو فائنل الیون میں شامل کیا ہے۔سیریز کے آخری ٹیسٹ کے لیے گس اٹکنسن بھی انگلش ٹیم کا حصہ ہیں جبکہ برائیڈن کارس اور میتھیو پوٹس کو ڈراپ کیا گیا ہے۔دوسری جانب پاکستان ٹیم میں بھی ایک تبدیلی کا امکان ہے لیگ اسپنر زاہد محمود کی جگہ فاسٹ بولر محمد علی کو شامل کیے جانے کا امکان ہے۔