راولپنڈی(نمائندہ خصوصی): قومی ٹیم کے ریڈبال ہیڈکوچ جیسن گلیسپی نے کہا ہے کہ تیسرے ٹیسٹ کیلئے پچ دلچسپ ہوگی اور دونوں ٹیمیں ٹاس جیتنے کی خواہشمند ہوں گی۔ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا تیسرا اور آخری ٹیسٹ آج سے شروع ہوگا۔ ہیری بروک نے پاکستان میں پچز کو بیٹنگ کیلئے سازگار قرار دیدیا راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جیسن گلیسپی نے کہاکہ راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے پچ بہت ڈرائی ہے، گھاس موجود نہیں اس لیے پچ دلچسپ ہوگی اور دونوں ٹیمیں ٹاس جیتنے کی خواہشمند ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے تیاری بہت اچھی کی ہے، ملتان ٹیسٹ اچھا کھیلا، یہ ٹیسٹ دونوں ٹیموں کے لیے چیلنجنگ تھا، اسپنرزکے لیے سازگارپچ تھی لیکن شائقین کرکٹ دوسرے ٹیسٹ سے محظوظ ہوئے، مجھے اپنے کھلاڑیوں پرفخرہے۔ ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ کوشش کرتا ہوں کھلاڑیوں کو بیرونی دباؤ سے دور رکھوں، پاکستان کرکٹ بورڈ نے پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد تبدیلیاں کیں، پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد سلیکشن کمیٹی نئی بنائی گئی۔