وزیراعلیٰ بلوچستان کی ایک ہی نوعیت کے منصوبے یکجا کرنے کی ہدایت

51

کوئٹہ(نمائندہ جسارت)وزیر اعلیٰ بلوچستان نے رواں مالی سال کے اختتام تک بجٹ میں شامل کم از کم 90 فیصد ترقیاتی منصوبے مکمل اور ایک ہی نوعیت کے حامل منصوبوں کو یکجا کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا ، اجلاس میں محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ، محکمہ خزانہ ، محکمہ مواصلات و تعمیرات کے حکام کی ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی ، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں کو بجٹ کا حصہ بنایا گیا ،اگلا چیلنج منصوبوں کی بروقت تکمیل کا ہے،سست روی کی روایت کو ختم کرکے بروقت منصوبوں کو مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہیں ،وزیر التواء 360 اسکیموں کی منظوری آئندہ 8 ایام میں یقینی بنائی جائے،مالی سال کے اختتام تک مجوزہ منصوبوں میں سے 100 فیصد نہ سہی 90 فیصد کو پایا تکمیل کو پہنچایا جائے۔ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کا تسلسل ہر صورت برقرار رکھا جائے،سلیگ سیزن میں بھی ماہرین تعمیرات کی مشاورت سے بلا تعطل کام جاری رکھا جائے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں پر عمل درآمد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کا جائزہ لیکر حل کی تجاویز پیش کی جائیں ،سست رفتاری کے شکار منصوبوں کی ٹھوس وجوہات سے آگاہ کیا جائے،تیزی سے مکمل کئے جانے والے منصوبوں کیلیے مختص فنڈز کے سو فیصد اجرا کو یقینی بنایا جائے۔