ریلوے پریم یونین ملازمین کی فلاح بہبود کیلئے کوشاں ہے

30

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی) ریلوے پریم یونین نے ملازمین کے حقوق کی جدوجہدمیں ایک اور سنگ میل عبورکرلیا۔ریلوے پریم یونین کے صدرشیخ محمدانور کی کاوشوں سے ر یلوے انتظامیہ نے عید کے روز ملت ایکسپریس میں دوران ڈیوٹی انتقال کرجانے والے فیصل آباد کے رہائشی ریلوے گارڈمزمل خان کے بیٹے کو پی ایم پیکیج کے تحت گریڈ 14 پر ریلوے گارڈ کی ملازمت دے دی ہے۔ پریم یونین کے مرکزی چیف آرگنائزر خالدمحمودچودھری ودیگررہنمائوںفیاض احمدشہزاد ، ملک جمیل ، ظہیر الدین بابر، بائوطاہر نورالدین،باسط شفیق نے اس مستحسن فیصلہ پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہاہے کہ اس کا تمام تر سہرایلوے پریم یونین کے قائد شیخ محمد انور، سی ای او ریلوے عامر بلوچ،ڈی ایس لاہورحنیف گل،سی پی او اطہر ریاض سمیت ریلوے انتظامیہ کو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھرتیوں پر پابندیوں کے باوجودشیخ محمد انورنے بطور اسپیشل کیس ریلوے انتظامیہ کوقائل کرکے اس فیصلہ کی منظوری لی۔ریلوے پریم یونین دن رات ریلوے ملازمین کی فلاح بہبود کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان ، وزارت ریلوے اورریلوے انتظامیہ نے ہمیشہ ریلوے ملازمین کی بھلائی اور فلاح وبہبود پر بھرتوجہ دی ہے جو پریم یونین کی تمام تر توجہ دلانے کا نتیجہ ہے،پریم یونین پورے پاکستان کے اداروں کی ٹریڈ یونینز خصوصاً ریلوے میں رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے ۔اس موقع پر پریم یونین کے صدر شیخ محمدانور نے حکومت پاکستان،سی ای او عامر بلوچ اورریلوے انتظامیہ کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ریلوے ملازم کی ریلوے سے تعلق اور کارکرگی کی قدر کرتے ہوئے اس کے بیٹے کو ملازمت دی۔انہوں نے کہاکہ پریم یونین نے ریلوے ملازمین کی بہتری اور فلاح و بہبود کے لئے جس مشن کا بیڑا اٹھایاہے اسے جاری رکہے گی ۔ ریلوے کاہر مزدوراور افسرتمام علاقائی، لسانی ، سیاسی تعصبات اور امتیازات سے بالاتر ہوکرصرف اور صرف پاکستان ریلوے کی بہتری اور اس کے ٹرین آپریشن کوبہتر سے بہتراور معمول پر رکھنے کیلئے اپنے فرائض اور ذمہ داریوں کو مقدم رکھتا ہے اور یہی ان کی اولین ترجیح ہے۔پریم یونین ریلوے کی سروسزکو معمول پر رکھنے کیلئے انتظامیہ سے ہر ممکن تعاون جاری رکہے گی، ریلوے کی معمول کی سروسز میں خلل ڈالنے کی ہر سازش کو ناکام بنا دے گی۔