بھارت ، بنگال اور اڑیسا میں طوفان کا خطرہ،10لاکھ افراد کا انخلا

218
بھارتی این ڈی آر ایف کے اہلکاروں کو ہنگامی حالات سے نمٹنے کی ہدایات دی جارہی ہیں

نئی دہلی (انٹرنیشنل ڈیسک) خلیج بنگال میں بننے والے سمندری طوفان دانا نے بھارت میں خطرے کی گھنٹی بجادی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست بنگال اور اڑیسا میں سمندری طوفان دانا کی وجہ سے ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے اور طوفان کے خدشے کے پیش نظر 10 لاکھ افراد نقل مکانی کررہے ہیں جب کہ تمام تعلیمی اداروں کو بند کردیا گیا ہے اور 200 کے قریب ٹرینوں کو بھی معطل کردیا گیا ہے۔ بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیج بنگال میں طوفان 6 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جو طوفان کی شکل اختیار کر جائے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یہ طوفان 24 اکتوبر کی رات اور 25 اکتوبر کی صبح 100یا 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمالی اڑیسا اور مغربی بنگال کے ساحلوں سے ٹکرائے گا۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ اس دوران طوفانی ہوائیں 120 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلیں گی جب کہ شدید بارش بھی متوقع ہیں۔مغربی بنگال اور اڑیسا میں تقریباً 15 کروڑ افراد مقیم ہیں۔ حکام نے ماہی گیروں کو پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔آبادی کے لحاظ سے بھارت کے تیسرے سب سے بڑے شہر کولکتہ کے ائر پورٹ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ حکام تمام فضائی پروازوں کی منسوخی پر غور کر رہے ہیں۔ دونوں ریاستوں کے ساحلی علاقوں میں سیاحوں کو ساحلی ریزورٹس چھوڑنے اور محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مئی میں بھارت میں طاقتور سمندری طوفان ریمل سے کم از کم 48 افراد ہلاک ہوئے تھے۔سائنسدانوں نے خبردار کیا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے پیش نظر گرمی کی شدت میں اضافے سمندری طوفان کو مزید طاقتور بنا رہے ہیں۔دوسری جانب بھارتی شہر بنگلورو میں شدید بارش سے عمارت گرنے کے سبب 5 افراد ہلاک ہوگئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بنگلورو کے مشرقی علاقے میں شدید بارش کی وجہ سے زیر تعمیر عمارت منہدم ہوگئی جس میں 20 افراد کے موجود ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا جس میں 13 افراد کو ریسکیو کیا گیا جب کہ 5 افراد کو شدید زخمی حالت میں نکال کر اسپتال منتقل کیا گیا جو دوران علاج دم توڑ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق ملبے تلے مزید افراد کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے جس کے لیے ریسکیو اینڈ سرچ آپریشن جاری ہے جب کہ بارش کی وجہ سے بھی ریسکیو کے کاموں میں دشواری پیش آرہی ہے۔ محکمہ موسمیات نے دن بھر بارش کی پیشگوئی کی ہے اورزرد انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے ۔ انتظامیہ نے اسکولوں میں چھٹی کا اعلان بھی کیا ہے۔