فرانس: تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی‘ 2 افراد ہلاک

72

پیرس (انٹرنیشنل ڈیسک) فرانس سے سمندر کے راستے برطانیہ جانے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کی ایک اور کشتی ڈوب گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق فرانسیسی علاقے کیلیس کے ساحل سے کچھ فاصلے پر کشتی الٹنے سے 2 تارکین وطن ہلاک ہو گئے۔انگلش چینل کو عبور کرنے والی کشتی پر 50 افراد سوار تھے، جن میں سے 46 افراد کو بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا جبکہ باقی ڈوب جانے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔ مقامی فرانسیسی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حادثے کے سبب ڈوور اور کیلے کے درمیان فیری سروس کو 2 گھنٹے کے لیے معطل کردیا گیا۔ یاد رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں بھی فرانس سے غیر قانونی طور پر برطانیہ جاتے ہوئے کشتی ڈوب گئی تھی۔