ٹرمپ کا برطانیوی حکمراں جماعت پر کملا ہیرس کی حمایت کا الزام

71

واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی الیکشن کی مہم نے الزام عائد کیا ہے کہ برطانوی لیبر پارٹی امریکی انتخابات میں مداخلت کر رہی ہے۔ بیان میں امریکی وفاقی انتخابی حکام کے ساتھ باضابطہ شکایت درج کرنے کا اعلان کیا گیا۔ یہ شکایت ڈیموکریٹک امیدوار کملا ہیرس کی مہم کے ساتھ برطانوی لیبر پارٹی کے اہم عہدیداروں کے درمیان ملاقات کے بارے میں اطلاعات موصول ہونے کے بعد سامنے آئی ہے۔ برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کا کہنا تھا کہ ان کی پارٹی کا کوئی بھی رکن امریکا میں سختی سے رضاکارانہ بنیادوں پر گزشتہ انتخابات کی طرز پر کام کرتا ہے۔ ریپبلکن امیدوار کی مہم نے اسے امریکی صدارتی انتخابات میںصاف غیر ملکی مداخلت قرار دیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حالیہ ہفتوں میں برطانیہ میں حکمران جماعت لیبر پارٹی نے 5 نومبر کے انتخابات پر اثر انداز ہونے کی کوشش میں پارٹی سے ارکان کو بھرتی کیا اور انہیں اہم ریاستوں میں ہیرس کی مہم میں حصہ لینے کے لیے بھیجا ہے۔ یہ شکایت برطانوی لیبر پارٹی کی چیف آف آپریشنز صوفیا پٹیل کی ایک اشاعت پر مبنی ہے، جس میں انہوں نے شمالی کیرولائنا جانے کے خواہشمند افراد کے لیے 10 خالی نشستوں کی دستیابی کا اعلان کیا تھا۔ یہ خالی نشستیں ڈیموکریٹک پارٹی کی مہم میں حصہ لینے والوں کے لیے مختص تھیں۔ یہ شکایت ستمبر میں شائع ہونے والی واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ کی بنیاد پر تیار کی گئی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ لیبر پارٹی سے منسلک منصوبہ سازوں نے جولائی میں برطانوی انتخابات میں بھاری کامیابی کے بعد ہیریس کو ان کی حمایت کا یقین دلایا تھا۔ دوسری جانب مائیکروسافٹ کے بانی اور دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونیوالے بل گیٹس نے ری پبلکن صدارتی امیدوار کملا ہیرس کی انتخابی مہم کیلئے 5کروڑ ڈالر عطیہ کردیے۔ بل گیٹس نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں کا حامی ہوں مگر یہ الیکشن مختلف ہے۔ ادھر ٹرمپ نے سابق صدر براک اوباما پر کڑی تنقید کی ۔ ٹرمپ نے لکھا کہ مجھے لگتا ہے کہ اوباما ایک حقیقی بیوقوف شخص ہے کیونکہ میں نے اسے کملا ہیریس کے لیے مہم چلاتے ہوئے دیکھا ہے۔ انہوں نے سابق صدر اوباما پر ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کا الزام بھی عائد کیا۔