آن لائن فراڈ میں ملوث ملزم سے 95 لیڈیز سوٹ برآمد

47

کراچی ( اسٹاف رپورٹر )پولیس نے آن لائن فراڈ میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر کے قبضے اور نشاندہی پر لاکھوں روپے مالیت کے 95 لیڈیز سوٹ برآمد کر لیے ۔ اس حوالے سے ایس ایچ او بلال کالونی نے بتایا کہ ملزم ملک محمد افہم ولد محمد انور کو خفیہ اطلاع پر انار کلی فلیٹس سیکٹر فائیو ایل میں چھاپا مار کر گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزم آن لائن لیڈی سوٹس کا آرڈر دیتا تھا اور آرڈر ریسیو کرنے کے لیے انارکلی فلیٹس کا ایڈریس بتاتا تھا اور آرڈر آنے پر مال ریسیو کر کے بغیر ادائیگی کے رائیڈر کو چکمہ دیکر فرار ہو جاتا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ملزم مختلف ناموں اور مختلف موبائل نمبرز کے ذریعے آرڈر دیتا تھا جبکہ ملزم کے زیر استعمال فون نمبرز کی اونرشپ رحیم یار خان و بہاولپور کی ہوتی تھیں۔ ملزم کو عین اس وقت پکڑا گیا جب وہ فراڈ کرنے کے لیے آرڈر ریسیو کرنے انار کلی فلیٹس کے پاس پہنچا تھا ، ملزم کی نشاندہی پر پہلے کیے گئے فراڈ سے حاصل شدہ سوٹس میں سے 95 لیڈی سوٹس پولیس نے برآمد کرلیے ہیں۔