اقوام متحدہ (اے پی پی) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے چین کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کے احترام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ سنکیانگ، ہانگ کانگ اور ژیزانگ سے متعلقہ مسائل چین کے اندرونی معاملات ہیں۔ یہ بات انہوں نے جنرل اسمبلی کی تھرڈ کمیٹی کے زیر اہتمام انسانی حقوق کے مسائل پر ہونے والی عام بحث میں پاکستان سمیت80 ممالک کی جانب سے مشترکہ بیان دیتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ہم انسانی حقوق پر سیاست کرنے اور دہرے معیار،انسانی حقوق کے بہانے ریاستوں کے اندرونی معاملات میں مداخلت کی مخالفت کرتے ہیں۔ مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ ریاستوں کی خودمختاری، آزادی اور علاقائی سالمیت کا احترام اور خودمختار ریاستوں کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت بین الاقوامی تعلقات کو کنٹرول کرنے والے بنیادی اصولوں کی نمائندگی کرتی ہے۔