عالمی برادری نے اسرائیلی جارحیت روکنے کیلئے موثر کردار ادا نہیں کیا،وزیراعظم

87
اسلام آبادـ:پاکستان کی میڈیکل یونیورسٹیز و کالجز میں تعلیم مکمل کرنے والے فلسطینی طلباء و طالبات کا وزیراعظم شہبازشریف کیساتھ گروپ فوٹو
اسلام آبادـ:پاکستان کی میڈیکل یونیورسٹیز و کالجز میں تعلیم مکمل کرنے والے فلسطینی طلباء و طالبات کا وزیراعظم شہبازشریف کیساتھ گروپ فوٹو

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطین میں جارحیت پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، عالمی برادری نے جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کیا، اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی سفارشات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا۔ اسلام آباد میں پاکستان کی میڈیکل یونیورسٹیز میں زیر تعلیم فلسطینی طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ کھلے دل سے فلسطینی طلبہ کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان جتنا میرا گھر ہے اتنا ہی آپ کا ہے، ہمارے دل آپ کے ساتھ دھڑکتے ہیں، عوام مشکل کی اس گھڑی میں فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ فلسطین میں جارحیت پر دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اسرائیل مسلسل بے گناہ فلسطینیوں کی نسل کشی کر رہا ہے، فلسطین میں ہر شہر اور گاؤں تباہی کا منظر پیش کر رہا ہے، سلامتی کونسل کی قراردادیں اور عالمی عدالت انصاف بے بس نظر آرہی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری نے جنگ بندی کے لیے مؤثر کردار ادا نہیں کیا، اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قراردادوں، عالمی سفارشات کو ردی کی ٹوکری میں پھینک دیا، اسرائیل نے ظلم اور سفاکانہ جارحیت سے 43 ہزار سے زاید فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلبہ کو پاکستان میں تعلیم کے لیے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، پاکستان میں 145 فلسطینی طلبہ کی موجودگی شروعات ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی طلبہ کو سرکاری خرچ پر تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، فلسطین سے مزید طلبہ کو پاکستان لانے اور تعلیم کے لیے اقدامات کو یقینی بنایا جائے گا۔