عمران خان کامعائنہ: جیل حکام کاجواب غیرتسلی بخش قرار

115

اسلام آباد(آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی شوکت خانم کے معالجین سے معائنے کی درخواست پر سماعت کے دوران عدالت نے جیل حکام اور اسٹیٹ کونسل کے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے جیل حکام کونوٹس جاری کردیے ہیں اور ان سے آج جمعرات کوجواب طلب کیاہے۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے جیل حکام اوراسٹیٹ کونسل کا جواب غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انکی درخواست کو دیکھیں، آپ لوگوں کا رویہ قابل تعریف نہیں ہے، میں اس پر آرڈر جاری کروں گا۔ انھوں نے یہ ریمارکس بدھ کے روزدیے ہیں۔ اسلام آبادہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی شوکت خانم اسپتال کے معالجین سے معائنے کی درخواست پرسماعت ہوئی۔ اسٹیٹ کونسل نے سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کی جانب سے رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا کہ جیل میں طبی معائنہ کے لیے ڈاکٹرز موجود ہیں، ہفتہ میں 3 روز معائنہ ہوتا ہے، ملاقاتوں پر 25 اکتوبر تک پابندی عاید ہے، حکومت پنجاب کے ہوم ڈپارٹمنٹ کی جانب سے یہ پابندی لگائی گئی ہے۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی انڈر ٹرائل قیدی ہیں، جنگوں میں بھی ڈاکٹروں کو معائنہ کی اجازت ہوتی ہے۔بعد ازاں عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو نوٹس جاری اور نمائندہ مقرر کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا کہ نمائندہ آج جمعرات کو عدالت میںپیش ہو۔ سماعت ملتوی کردی گئی۔