ترکیہ میں ایرواسپیس  انڈسٹریز پر حملے میں 4 افراد ہلاک، 14 زخمی

204

انقرہ:ترکیہ میں ایرو اسپیس انڈسٹریز پر دہشت گردوں کے حملے میں 4 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہو گئے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ترک دارالحکومت انقرہ میں ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز (ٹی اے آئی) پر دہشت گردوں کی جانب سے اچانک حملہ کردیا گیا۔ دہشت گردی کی اس کارروائی میں 4 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوئے ہیں۔

ترک صدر کی جانب سے واقعے اور ہلاک و زخمی ہونے والوں سے متعلق تصدیق کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت روسی صدر ویلادیمیر پیوٹن کے ساتھ مذاکرات میں مصروف ہیں تاہم اس بزدلانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

حکام نے ابتدائی طور پر بتایا کہ حملوں  کے بعد سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں سے مقابلہ کیا، جس میں 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔ اس دوران عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ افواہوں اور سوشل میڈیا پر جاری غیر مصدقہ باتوں پر یقین نہ کرتے ہوئے حکومت کی طرف سے جاری بیانات  پر انحصار کریں۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت انقرہ کے ضلع کاہرامانکازان میں قائم ترکش ایرواسپیس انڈسٹریز میں دھماکا اور فائرنگ کی آواز سنی گئی، جس کے بعد سیکورٹی فورسز، فائر بریگیڈ اورایمبولینسز کو طبی عملے سمیت جائے وقوع کی جانب روانہ کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کمپنی کے عہدے داروں اور متعلقہ افراد سے خود کو محفوظ جگہ پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔