فلسطینیوں کیلیے ہمارے گھر اور تعلیمی  ادارے حاضر ہیں، وزیراعظم

138

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کے لیے ہمارے گھر اور تعلیمی  ادارے حاضر ہیں۔ پاکستانی قوم کڑے وقت میں اپنے فلسطینیوں اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں فلسطینی طلبہ کی ایک تقریب میں بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور عالمی برادری کی جانب سے تنقید دباؤ اور سفارشات کو بھی نظر انداز کرتے ہوئے عالمیع دالت انصاف کے فیصلے کو بھی روند دیا ہے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے تعلیمی اداروں، طبی مراکز اور یہاں تک کہ پناہ گزینوں کے رہنے کی جگہ پر بھی وحشیانہ بمباری جاری رکھی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت کے فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے باوجود عالمی برادری غزہ جنگ بندی کرانے میں ناکام رہی ہے۔اسرائیلی جارحیت پر سب خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بمباری اور حملوں کے نتیجے میں فلسطین کے شہر اور گاؤں ہر جگہ وسیع تباہی کا منظر پیش کررہی ہے۔ سلامتی کونسل کی قراردادیں اور عالمی عدالت انصاف اسرائیل کے سامنے بے بس رہے ہیں۔ عالمی برادری جنگ بندی کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا نہیں کر سکی۔

وزیراعظم نے فلسطینی طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو آپ اپنا دوسرا گھر ہی سمجھیں۔ ہم سب کے دل آپ کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینی طلبہ کو سرکاری اخراجات پر تعلیم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔