تحریک انصاف نےآئینی ترامیم عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا

73
the constitutional amendments in the court

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے آئینی ترامیم کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں پی ٹی آئی کور کمیٹی نے آئینی ترامیم پر تحفظات کا اظہار کیا ، کور کمیٹی اراکین کا کہنا تھا کہ حکومت کو چیف جسٹس کی تعیناتی کیلئے سنیارٹی کو مدنظر رکھنا چاہیے تھا۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ چیف جسٹس کی تقرری پر پارلیمانی کمیٹی کو بھی چیلنج کیا جائے گا ، پی ٹی آئی کور کمیٹی نے اراکین کے پارلیمانی کمیٹی کے بائیکاٹ کو سراہا، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹرگوہر کاکہنا تھا کہ آئینی ترمیم کیخلاف احتجاج کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ، جس میں تحریک انصاف کی کورکمیٹی نے بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کی ملاقاتوں پرعائد غیرقانونی پابندی کے خاتمے اور ملاقاتوں کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ اجلاس میں بانی پی ٹی آئی کی جیل سے رہائی کی جامع حکمتِ عملی پر غور کیا گیا اور پرزور عوامی احتجاج سمیت ملک گیر تحریک کی منصوبہ بندی اور تیاریوں کیلئے ذیلی کمیٹیوں کی تشکیل پر اتفاق کیاگیا۔

کور کمیٹی اجلاس میں 26ویں آئینی ترمیم کو عدالت کے روبرو چیلنج کرنے کے قانونی امکانات کے جائزے اور لائحۂ عمل کی تیاری کا کام لیگل کمیٹی کے سپرد کیا گیا جبکہ آئینی ترمیم کے بعد چیف جسٹس کی نامزدگی کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے بائیکاٹ کے فیصلے کی بھی توثیق کی گئی۔