عمرہ کیلیے روانگی:جسٹس منصور کل چیف جسٹس کے الوداعی فل کورٹ میں شریک نہیں ہونگے

107
it cannot happen that the court decision

اسلام آباد:جسٹس منصور علی شاہ عمرہ کے لیے روانگی کے باعث کل چیف جسٹس کے الوداعی فل کورٹ میں شریک نہیں ہوں گے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس منصور علی شاہ کل عمرہ کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوں گے، جس کی وجہ سے وہ ریٹائر ہونے والے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ  کے اعزاز میں الوداعی فل کورٹ میں شریک نہیں ہو سکیں گے۔

جسٹس منصور علی شاہ عمرہ ادا کرنے کے بعد یکم نومبر کو وطن واپس پہنچیں گے۔

واضح رہے کہ جسٹس منصور علی شاہ سپریم کورٹ کے سینئرترین جج ہیں اور 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد پارلیمانی کمیٹی نے انہیں چیف جسٹس کے عہدے کے لیے نامزد نہیں کیا تھا اور تیسرے نمبر پر موجود سینئر جج جسٹس یحییٰ آفریدی کو چیف جسٹس آف پاکستان نامزد کردیا تھا۔

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 25 اکتوبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں جب کہ 26 اکتوبر کو نئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی اپنے منصب کا حلف اٹھائیں گے۔جسٹس منصور علی شاہ عمرے کی ادائیگی کے باعث جسٹس یحییٰ آفریدی کی حلف برداری کی تقریب میں بھی شرکت نہیں کر سکیں گے۔