یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد حماس کی قیادت 5 رکنی کمیٹی کے سپرد

108
The Israeli attack

مقبوضہ بیت المقدس:فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے یحییٰ سنوار کی شہادت کے بعد اپنی قیادت کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق حماس کی جانب سے تنظیم کی نئی قیادت کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی حملوں میں  اسماعیل ہنیہ کے بعد یحییٰ سنوار اور دیگر رہنماؤں کی شہادت کے بعد مزاحمتی تنظیم نے فوری طور پر اپنے سربراہ کا تقرر نہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے قیادت  کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق حماس کی قیادت کے لیے بنائی گئی 5 رکنی کمیٹی میں سینئر رہنما خلیل حیا، خالد مشعل، ظاہر جبرین، سربراہ شوریٰ کونسل  محمد درویش کے علاوہ پانچویں شخصیت کا نام ظاہر نہیں کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کے ان 5 ارکان میں سے غزہ کے 3مقامی سربراہ اور 2 دیگر عہدیدار ہیں۔

نئی تشکیل دی گئی کمیٹی سے متعلق مزید بتایا گیا ہے کہ اس کمیٹی کو جنگی شوریٰ کی حیثیت حاصل ہوگی اور مارچ 2025ء میں تنظیمی انتخابات تک یہی کمیٹی حماس کی قیادت کرے گی۔