ملکی سیاست میں پی ٹی آئی کی نہیں بانی پی ٹی آئی کی اہمیت ہے: فواد چوہدری

50

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ملکی سیاست میں پی ٹی آئی کی نہیں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہمیت ہے ۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جو لیڈر شپ ہے وہ بڑے نادان فیصلے کر رہی ہے، آپ فلسطین کی کمیٹی میں نہیں بیٹھے، آئینی ترمیم کی کمیٹی میں جا کر بیٹھ گئے اور اب آئینی بینچز بننے کی کمیٹی کا اجلاس ہونا ہے کیا اس میں بھی نہیں جائیں گے، اس کے بعد جو باقی کمیٹیز ہیں اس میں بھی نہیں بیٹھیں گے تو پارلیمنٹ سے باہر آجائیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نئے چیف جسٹس یحی آفریدی کی ڈگری ابھی چیک کرلیں، یہ نہ ہو بعد میں کوئی فیصلہ پسند نہ آئے تو ڈگری جعلی ہوجائے ،یا تو آپ نے 9 فروری کو فیصلہ کیا ہوتا یہ منظور نہیں ہے اور تحریک چلاتے، اب آپ آدھے نظام کے اندر ہیں آدھے نظام کے باہر ہیں، آپ احتجاج کی کال ایسے دیتے جیسے بچے کو چاکلیٹ دکھانا ہوتی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اس لیڈر شپ کے ہوتے ہوئے بانی پی ٹی آئی جو جیل میں 445 دن ہو گئے، پی ٹی آئی میں فارورڈ بلاک کی کوئی حیثیت نہیں، کوئی اہمیت نہیں، ملکی سیاست میں پی ٹی آئی کی نہیں بانی پی ٹی آئی کی اہمیت ہے، جو بانی پی ٹی آئی کو چھوڑ کر گئے آج وہ کہاں ہیں؟ میں خود ان سے ملنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے تو میری درخواست یہ ہے کہ نئے چیف جسٹس جو جسٹس یحی آفریدی ہیں، ان کی ڈگری ابھی چیک کرلیں، یہ نہ ہو بعد میں کوئی فیصلہ پسند نہ آئے تو ڈگری جعلی ہوجائے، کیوں کہ اب تو آپ کو پتا ہے آج کل بیس پچیس سال پرانی ڈگریاں جعلی ہوجاتی ہیں، پاکستان کے اندر اس وقت جو حالات چل رہے ہیں کچھ پتا ہی نہیں کوئی فیصلہ پسند نہ آئے تو کسی کی ڈگری جعلی ہوجائے، کسی کا کیا ہوجائے۔