صوبہ سندھ میں کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ

106
An alarming increase in dog bite

کراچی: صوبہ سندھ میں رواں سال کتوں کے کاٹنے کے واقعات میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوگیا جس سے اب تک 12 شہری انتقال کرچکے ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق صوبہ سندھ میں رواں سال ستمبر تک کتوں کے کاٹنے سے 12 شہری انتقال کرچکے ہیں جبکہ 2 لاکھ 26 ہزار سے زائد افراد کو کتوں نے کاٹ کر زخمی کیا ہے۔

میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ انچارج ڈاگ بائیٹ کلینک سول اسپتال ڈاکٹر رومانہ فرحت کے مطابق کتوں کے کاٹنے کے یومیہ 120 کیسز رپورٹ ہوتے ہیں، بچے اور بزرگ افراد کی کم مزاحمت کے باعث زیادہ متاثر ہورہے ہیں۔

اعداد و شمار کے مطابق جنوری میں 27 ہزار 333، فروری میں 27 ہزار 473، مارچ میں 29 ہزار 426 کتوں کے کاٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے۔

رواں سال اپریل میں 25 ہزار514 ، مئی میں 25 ہزار 311 ،جون میں 22 ہزار 305، جولائی میں 22 ہزار 558 کیسز ، اگست میں 22 ہزار 575 اور ستمبر میں 24 ہزار سے زائد کتے کے کاٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

رومانہ فرحت کے مطابق کتوں کے کاٹنے پر کم از کم 15 منٹ کے لیے ڈیٹرجنٹ، صابن سے متاثرہ جگہ کو دھونا چاہیے اور اینٹی ریبیز ویکسین اور حفاظتی ٹیکوں کا کورس بھی مکمل کرنا چاہیے۔