بھونیشور: بھارتی محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ دنوں میں بننے والا سمندری طوفان ڈانا جمعرات کو مشرقی بھارت اور بنگلہ دیش کے ساحلوں کو ٹکرائے گا ، بھارتی حکام نے ٹرین خدمات منسوخ کرنے، ماہی گیروں کو گھروں میں رہنے اور ہزاروں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کی تیاری شروع کر دی ۔
بھارتی موسمی حکام نے بتایا کہ سمندری طوفان ڈانا اب خلیج بنگال جو ایک بڑا سمندری خطہ ہے جس میں بھارت، بنگلہ دیش اور میانمار آتے ہیں ، 120 کلومیٹر فی گھنٹہ (74 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے بڑھ رہا ہے اور جمعرات کو دیر گئے بھارت کے مشرقی ساحل اور بنگلہ دیش کے جنوبی ساحل سے ٹکرائے گا ۔
عینی شاہدین اور عہدیداروں نے بتایا کہ ہندوستان کی ساحلی ریاست اوڈیشہ کے کچھ حصوں میں ابھی سے تیز ہوائیوں کے ساتھ طوفانی بارشوں کا سلسلہ جارہ ہوگیا ہے ۔
ریاست کے ضلع بھدرک میں انتظامی اہلکار دلیپ روترائی نے کہا کہ ہم نے متاثر ہونے والے علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقام تک منتقل کرنے کا کام جاری کردیا ہے ۔ ریاست نے 200 سے زیادہ ٹرین خدمات منسوخ کر دیں، اسکول جمعہ تک بند کر دیے اور ماہی گیروں کو سمندر میں جانے سے روک دیا گیا ہے ۔
موسمی حکام نے بتایا کہ اگلے تین دنوں میں متوقع انتہائی شدید بارشوں سے گھروں، سڑکوں، فصلوں اور بجلی کی لائنوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، جبکہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ بھی ہو سکتی ہے۔
ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں موسمی حکام نے بھی ماہی گیروں کو خبردار کرتے ہوئے سمندر میں جانے سے روک دیا ہے اور متاثر ہونے والی بندرگاہوں پر تمام جاری کام کو تین دنوں تک روک دیا ہے ۔
یاد رہے کہ ہر سال اپریل سے دسمبر تک بھارت اور بنگلادیش میں سمندری طوفان ساحلی شہروں کو اپنی لپیٹ میں لے لیتے ہیں، جس سے دونوں ممالک میں بڑے پیمانے پر نقصان ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ 1999 میں اوڈیشہ سے ٹکرانے والے ایک سپر سائیکلون نے 30 گھنٹے تک تباہی مچائی جس میں 10 ہزار افراد کو ہلاک ہوگئے تھے ، اس کے بعد ریاست نے سمندری طوفان سے نمٹنے کے لیے اقدامات کیے ہیں جس سے نقصانات اور ہلاکتوں میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے ۔