ـ26 ویں ترامیم کے موقع پر انٹیلی جنس ایجنسیز کے لوگ سیکورٹی کی وردیوں میں یہاں آئے ،عمر ایوب

119

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) رہنما پاکستان تحریک انصاف اور اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کے لیے ہمارے لوگوں سے گن پوائنٹ پر اور ظلم و ستم سے ووٹ لیا گیا ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ میں نے کچھ سوالات سیکریٹریٹ جمع کرائے تھے، ابھی تک میرے سوالات سامنے نہیں آئے، سوالات بیلٹنگ کے ذریعے شامل کیے جاتے ہیں، اس پر اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ میں چیک کرکے بتادوں گا۔ عمر ایوب نے کہا کہ 26ویں ترمیم کے موقع پر یہاں پر انٹیلی جنس ایجنسیوں کے لوگ سیکورٹی کی وردیوں میں آئے، آپ یہاں کے کیمرے چیک کریں، میں غلط بیانی نہیں کرتا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میں فوٹیج لے کے آپ کو بتاؤں گا یہاں کون تھا اور کون نہیں، میں آپ کو بتا دوں میڈیا کی نظر سے کوئی نہیں چھپ سکتا۔