لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس:بانی پی ٹی آئی عدم شواہد پر بری

52

اسلام آباد (اے پی پی)جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی ، وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور اور دیگر ملزمان کو لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس میں عدم شواہد پر بری کردیا ۔ جوڈیشل مجسٹریٹ شہزادخان نے تین صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے کیس کے ریکارڈ کا مکمل جائزہ لیاہے، جرم میں یکساں کردار جیسا الزام لگانے کا مطلب پراسیکیوشن کا کیس کمزور ہے، مقدمہ کو مضبوط بنانے کے لئے ثبوت درکار ہوتے ہیں،اسدعمر لانگ مارچ توڑپھوڑ کیس سے بری ہوچکے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار دلائل دے سکتے تھے کہ اسدعمر اور ان کے خلاف عدم ثبوت کا ہونا یکساں بات ہے،اسدعمر کی بریت بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور و دیگر ملزمان کے لئے اہم پوائنٹ ہے،ثبوت کی عدم موجودگی پر بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور و دیگر کو بھی اسدعمر کی طرح ٹریٹ کرنا چاہئے، براہ راست ثبوت بھی موجود نہیں جس سے بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور و دیگر پر جرم ثابت کرے۔ فیصلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور و دیگر کا کال ڈیٹا ریکارڈ بھی موجود نہیں، شریک ملزمان کا بیان نہ ہی گواہ کیس میں سامنے آئے،اسدعمر کی بریت کو پراسیکیوشن نے چیلنج بھی نہیں کیا،ریکارڈ کے مطابق بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور و دیگر پر جرم ثابت کرنے کے امکانات بہت کم ہیں، بانی پی ٹی آئی، علی امین گنڈاپور و دیگر کو عدم ثبوت کی روشنی میں کیس سے بری کیاجاتاہے۔