بھارتی اعتراض ختم‘ پاکستان کو برکس گروپ کی رکنیت ملنے کا امکان

134

ماسکو (صباح نیوز) معاشی اعتبار سے تیزی سے ترقی کرتے ہوئے ممالک برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقا پر مشتمل گروپ برکس میں پاکستان کو رکنیت ملنے کا امکان بڑھ گیا‘ پاکستان کی رکنیت کے آڑے آنے والے ملک بھارت کی طرف سے مثبت ردعمل سامنے آیا ہے اور نئی دہلی نے پاکستان کی مخالفت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق توقع ہے کہ بھارت روس کے شہر کازان میں ہونے والے سربراہی اجلاس میں برکس کی رکنیت کے لیے پاکستان کی دیرینہ کوششوں کی حمایت کرے گا۔ 2 روزہ16 ویں برکس سربراہی کانفرنس گزشتہ روز منگل 22 اکتوبر کو شروع ہوئی جو آج 23 اکتوبر کو بھی جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھارت نے معاشی عدم استحکام اور جیو پولیٹیکل چیلنجز پیدا کرنے کے الزامات عاید کرتے ہوئے پاکستان کو برکس گروپ کی رکنیت دینے کی مخالفت کی تھی تاہم روس اور چین کے درمیان پاکستان کے حوالے سے اتفاق رائے کے باعث بھارت کو بھی اپنے موقف پر نظر ثانی کرنی پڑی۔