بیروت: اسرائیل کا اسپتال پر حملہ ،13 افراد شہید،57 زخمی ،حزب اللہ کا ڈرون نیتن یاہو کے بیڈروم تک پہنچا ،اسرائیلی اعتراف

95

بیروت /غزہ /تل ابیب /جنیوا /تہران /اسلام آباد /کویٹ سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک /اے پی پی) لبنان کے دارالحکومت بیروت کے سرکاری اسپتال حریری کے قریب اسرائیل کی تازہ فضائی کارروائی کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 13 افراد شہید اور 57 زخمی ہوگئے۔ لبنان کی وزارت صحت نے پیر کی رات دیر گئے اسرائیلیحملے کی تصدیق کی ہے۔ غزہ میں جاری اسرائیلی جارحیت اور قتل عام حد سے کئی گنا بڑھ چکا ہے، اور نوبت یہاں تک آگئی ہے کہ اب غزہ کے اسپتالوں میں شہید فلسطینوں کی لاشوں کو دفنانے کے لیے کفن ختم ہوچکے ہیں۔ وزارت صحت کے ڈائریکٹر منیر البرش کا کہنا ہے کہ بہت سے زخمی ہماری آنکھوں کے سامنے دم توڑ چکے ہیں اور ہم ان کے لیے کچھ نہیں کر سکے‘ اسپتالوں میں بھیشہدا کی تدفین کے لیے کفن کم پڑ گئے ہیں، ہم نے لوگوں سے کہا ہے کہ وہ گھر میں موجود کپڑے عطیہ کریں۔فلسطینی محکمہ صحت کے حکام اور سول ایمرجنسی سروس نے بتایا ہے کہ اسرائیلی فائرنگ سے شہید ہونے والے درجنوں افراد کی لاشیں سڑکوں اور ملبے تلے دبی ہوئی ہیں‘ جاری حملوں کے باعث امدادی ٹیمیں ان لاشوں اور زخمیوں تک نہیں پہنچ پا رہی ہیں۔عرب خبر رساں ادارے نے طبی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ منگل کی صبح سے غزہ پر اسرائیلی حملوں میں کم از کم 65 افراد شہید ہو چکے ہیں، ان میں سے 37 شمالی غزہ میں مارے گئے۔ غزہ میںحماس نے جبالیہ میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیلی فوجیوں کو منہ توڑ جواب دیا ،اور ٹینک سمیت اسرائیلی فوج کی 4گاڑیوں کو تباہ کردیا۔ حماس کا دعویٰ ہے کہ اس حملے کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔اسرائیلی فورسز سے دوبدو مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہونے والے حماس کے سربراہ یحییٰ سنوار نے عرب ثالثوں کی جانب سے مصر جانے کی پیشکش کو مسترد کردیا تھا۔امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے مذاکرات کے دوران عرب ثالثوں نے حماس کے شہید سربراہ یحییٰ سنوار کو غزہ جنگ چھوڑ کر مصر جانے کا موقع دیا تھا۔رپورٹ کے مطابق یحییٰ سنوار نے جنگ کا میدان چھوڑنے کے بجائے اپنی سرزمین پر رہنے کو ترجیح دی تھی اور کہا تھا کہ میں فلسطینی سرزمین پر ہوں۔امریکی اخبار کے مطابق سنوار کا کہنا تھا کہ اگر میں شہید ہوگیا تو اسرائیل مختلف پیش کش کرے گا لیکن حماس کو ہار نہیں ماننی چاہیے۔اسرائیل نے اعتراف کیا ہے کہ ہفتے کے روز حزب اللہ کے ڈرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی رہائش گاہ پر ان کے بیڈروم کی کھڑکی کو نشانہ بنایا تھا۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حزب اللہ کے ڈرون سے اسرائیل کے شہر قیصریہ میں واقع نیتن یاہو کی رہائش گاہ کو نقصان پہنچا۔ ڈرون سے نیتن یاہو کے بیڈ روم کی کھڑکی کے شیشے تڑخ گئے تاہم مخصوص حفاظتی شیشے کی وجہ سے ڈرون اندر داخل نہ ہوسکا۔ شمالی غزہ کے زیر محاصرہ علاقے جبالیہ کے کمال عدوان اسپتال کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اگر امداد نہ پہنچی تو آئندہ چند گھنٹوں میں اسپتال میں موجود زخمی زندہ نہیں بچیں گے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ کا کہنا ہے کہ شمالی غزہ میں فلسطینیوں کی نسل کشی جاری ہے‘ دنیا فوری طور پر ادویات، امداد اور طبی عملے کی فراہمی کیلیے اقدامات کرے اگر ایسانہ کیا گیا تو آئندہ چند گھنٹوں میں زخمی افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھیں گے۔انہوں نے کہا کہ گلیوں میں جو کوئی نظر آتا ہے اس پر گولی چلائی جاتی ہے، یہاں موجود لوگوں کا قتل عام ہو رہا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق شمالی غزہ سے بے گھر ہونے والی فلسطینی خواتین کا بتانا ہے کہ اسرائیلی فوج چیک پوائنٹس پر درجنوں مردوں کو علیحدہ کر کے گرفتار کر رہی ہے۔غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اکتوبر 2023ء سے اب تک 42 ہزار 600 سے زاید افراد شہید ہو چکے ہیں جبکہ 99 ہزار 800 سے زاید افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ جنگ بندی کے لیے اسرائیل پہنچ گئے۔ اے ایف پی کے مطابق امریکی حکام نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ اپنے علاقائی دورے کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو سے ملاقات کریں گے اور بدھ کو اردن جائیں گے۔ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ایران کے ہمسائیہ ممالک نے عہد کیا ہے کہ وہ کسی بھی حملے کے لیے اپنی سرزمین یا فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ اے ایف پی کے مطابق ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے یکم اکتوبر کو اسرائیل پر ایران کے میزائل حملے کے چند ہفتوں بعد کویت میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ہمارے تمام ہمسائیہ ممالک نے ہمیں یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ اپنی سرزمین یا فضائی حدود کو ایران کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دیں گے‘ ہم خطے میں امریکی اڈوں کی نقل و حرکت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں‘ اگر اسرائیل کسی بھی شکل میں ایران پر حملہ کرتا ہے تو ایران اس کاجواب دے گا۔ ایران نے کہا ہے کہ امریکا نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کے لیے واضح حمایت کا اشارہ دیا ہے‘ نتائج کی ذمہ داری بھی اسی پر عاید ہوگی ۔ حکومت پاکستان نے لبنان اور غزہ کے لیے امدادی سامان کے 2 جہاز فوری بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں غزہ اور لبنان بھیجی جانے والی امداد کے حوالے سے جائزہ لیا گیا جس کے بعد وزیراعظم نے لبنان اور غزہ کے لیے امدادی سامان کے 2 جہاز فوری بھیجنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں شہباز شریف نے امداد کی ترسیل کے لیے فلسطین، لبنان، اردن اور مصر میں پاکستانی سفرا سے روابط مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ امداد مستحقین تک پہنچے اور امداد ی سامان کی ترسیل کی رفتار مزید تیز کی جائے۔