فرانس‘ غیر قانونی تارکین وطن کی ایک اور کشتی ڈوبنے سے ہلاکتیں

127

پیرس: فرانس سے سمندر کے راستے برطانیہ جانے والے غیر قانونی تارکینِ وطن کی ایک اور کشتی غرق ہوگئی، جس میں50 افراد سوار تھے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق فرانس کے علاقے کیلیس کے ساحل سے کچھ ہی فاصلے پر غیر قانونی تارکینِ وطن کی کشتی الٹنے سے 2 تارکینِ وطن کے ہلاک ہو نے کی تصدیق ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق انگلش چینل کو عبور کرنے والی کشتی پر گنجائش سے زائد 50 افراد سوار تھے، جن میں سے 46 خوش قسمت افراد کو ڈوبنے سے بچا کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ باقی ڈوب جانے والے افراد کی تلاش جاری ہے۔
اس حوالے سے مقامی فرانسیسی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث سمندری نظام پر مشتمل ڈوور اور کیلے کے درمیان سمندر کی فیری سروس کو 2 گھنٹے کے لیے معطل کیا جا رہا ہے۔
یہ بات بھی علم میں رہے کہ رواں ماہ کے ابتدائی ایام میں بھی فرانس سے غیر قانونی طور پر برطانیہ جاتے ہوئے کشتی ڈوب چکی ہے ۔
اس موقع پر فرانس کے وفاقی وزیر داخلہ نے ایک بیان جاری کیا تھا ،جس میں کہا گیا تھا کہ ہلاک ہونے والوں کا خون انسانی اسمگلروں کی ذمے عائد ہوتی ہے اور فرانس ان جان لیوا مافیاز کے خلاف بھرپور کارروائی کرے گا۔