15 سالہ لڑکے نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کردیا

108

واشنگٹن: امریکی ریاست واشنگٹن کے علاقے فال سٹی میں 15 سالہ لڑکے نے فائرنگ کرکے 5 افراد کو قتل کردیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ ریاست واشنگٹن کے علاقے فال سٹی میں پیش آیا جہاں پولیس کو ایک گھر سے فائرنگ کی اطلاع ملی، اطلاع ملتے ہی پولیس اور میڈیکل ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی تھیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ 15 سالہ کم عمر لڑکے نے گھر میں فائرنگ کرکے 3 بچوں سمیت 2 افراد کو ہلاک کردیا جبکہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک بچی زخمی بھی ہوئی، جسے طبی امداد فراہم کی گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بروقت کارروائی سے کم عمر ملزم کو گرفتار کرلیا ہے تاہم اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ فوری طور پر قتل کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکی ہیں تاہم ملزم سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔