غزہ میں اسرائیلی جارحیت جاری: جبالیہ میں قائم کمال عدوان اسپتال کے سربراہ کی مدد کی اپیل

78

غزہ: شمالی غزہ میں اسرائیلی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے،  کئی ماہ سے غزہ کے علاقے جبالیہ کیمپ کا صیہونی فورسز نے محاصرہ کیا ہوا ہے، جس کی وجہ سے جبالیہ میں قائم کمال عدوان اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر حسام ابو صفیہ نے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری امداد نہ پہنچی تو آئندہ چند گھنٹوں میں اسپتال میں موجود زخمی زندہ نہیں بچیں گے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  کمال عدوان اسپتال کے سربراہ  نے کہاکہ غزہ کے مظلوم عوام کی مدد کے لیے دنیا ہنگامی طور پر طبی امداد کا سامان روانہ کرے تاکہ فلسطینی مسلمانوں کی زندگی بچائی جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیل فوج کی درندگی میں آئے روز اضافہ ہورہاہے، گھروں سے جو بھی باہر نکلتا ہے تو اس پر فائرنگ اور دیگر بارودی مواد پھینک دیا جاتا ہے، جس کی وجہ سے انسان بری طرح زخمی ہوجاتا ہے، صیہونی فورسز فلسطینیوں کا بے دردی سے قتل عام کررہی ہے۔

خیال رہے کہ اسرائیلی فوج شمالی غزہ میں 18 روز سے جاری محاصرے کے دوران 640 سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے، جس میں ایک بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی ہے۔