حکومت ریلوے کی بہتری کیلئے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے،ناصر خلیی

61

ٹنڈو آدم (نمائندہ جسارت) ڈی ایس ریلوے کراچی ناصر خلیلی، ڈی سی او ریلوے محمد انور اور دیگر افسران نے ریلوے اسٹیشن ٹنڈوآدم کا دورہ کیا اور ریلوے اسٹیشن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر صحافیوں اور شہریوں کے وفد نے ڈی ایس سے ملاقات کی اور انہیں ریلوے اسٹیشن پر دن اور خصوصاً رات کے وقت 14 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی وجہ بکنگ آفس میں بکنگ کرانے والوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ ریلوے پلیٹ فارم پر لائٹ بند ہونے اور گداگر عورتوں کے ٹرینوں میں سوار ہونے سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا اور سامان چوری ہونے کے واقعات سے آگاہ کیا جبکہ ریلوے اسٹیشن پر پارسل کی سہولت ختم ہونے سے سامان کی ترسیل میں تاجر، زمیندار، صنعتکار اور شہریوں کی پریشانی سے بھی آگاہ کیا۔ ڈی ایس ریلوے نے بتایا کہ دورہ کرنے کا مقصد ایم ایل ون منصوبے کے حوالے سے کام کا جائزہ لینا ہے، موجودہ حکومت ریلوے کی بہتری کیلیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، بہت جلد عوام کو خوشخبری سننے کو ملے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جوہرآباد ریلوے پھاٹک کے درمیان خراب سڑک ڈپٹی کمشنر کی ذمہ داری ہے جبکہ اوور ہیڈ برج کے حوالے سے تجویز ہے کہ ریلوے چوکی اور مال گودم کی طرف بنایا جائے تاکہ شہریوں کو آسانی ہو سکے۔ علاوہ ازیں شہریوں کی شکایات کے ازالے کے لیے متعلقہ افسران کو کہہ دیا گیا ہے جنہیں جلد حل کر لیا جائے گا۔