قنبر علی خان: بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی جانب سے سیرتِ النبیؐ کانفرنس

61

قنبر علی خان (جسارت نیوز) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کے پریس ترجمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی لاڑکانہ کی جانب سے سیرتِ النبی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نصرت شاہ نے کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ہمیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم جیسا پیغمبر ملا، حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ایک استاد ، ایک رہبر ، ایک پیغمبر ہیں اور ان کی پوری زندگی صبر کا درس ہے، ان کی پوری زندگی ہم سب کے لیے اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے جو کہا وہ کرکے دکھایا اور دنیا کی تاریخ میں کوئی ایسی مثال نہیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عورت کی عزت و احترام کا درس دیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ضمیر احمد سومرو نے کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی سیرتِ اور کردار سے ثابت کیا کہ ان جیسا نہ کوئی ہے نہ کوئی ہوگا، نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی ہماری لیے اعلیٰ مثال ہے۔ انہوں نے عورتوں کے حقوق، پڑوسیوں کے حقوق، استادوں کے حقوق اور حقوقِ العباد کا درس دیا۔ مفتی عبد القیوم آرائیں نے کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ آپ رسول صلی اللہ علیہ وسلم دونوں جہانوں کے لیے رحمت ہیں، حضور اکرم کی رحمت کائنات کے ذرے ذرے سے عیاں ہے، دنیا کی رحمتیں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی بدولت ہیں۔