میرپورخاص: ڈاکٹر شاہنواز قتل کی تفتیش ایف آئی اے سے کرانے کا حکم

62

میرپورخاص (نمائندہ جسارت) سندھ ہائیکورٹ کے 2 رُکنی بنچ جسٹس امجد علی بویو اور جسٹس خادم حسین سومرو نے ڈاکٹر شاہنواز کنبھر کے جعلی مقابلے میں قتل مقدمے کی سماعت کی، عدالت نے مولوی پیر عمر جان سرہندی اور سابق سی آئی اے انچارج عنایت زرداری کی جانب سے ڈاکٹر شاہنواز کے لواحقین کی جانب سے جعلی مقابلے میں ڈاکٹر شاہنواز کے قتل کے خلاف درج ایف آئی آر ختم کرنے کی درخواستیں مسترد کر دیں۔ اس سلسلے میں وکلاء کی جانب سے دائر درخواستوں، پیر عمر جان اور عنایت زرداری کی جانب سے دائر درخواستوں پر مشترکہ سماعت ہوئی جس میں عدالت میں تینوں فریقین کے وکلاء کی جانب سے دلائل پیش کیے گئے جس کے بعد عدالت نے درخواست خارج کر دی، عدالت نے لواحقین کی جانب سے درج ایف آئی آر برقرار رکھتے ہوئے تفتیش پولیس سے لے کر ایف آئی اے سے کرانے کا حکم دیا ہے، کیونکہ قتل پولیس کی تحویل میں ہوا ہے، اس لیے پولیس اس کی تحقیقات نہیں کر سکتی۔ اس حوالے سے وکلاء بیرسٹر اسد اللہ شاہ راشدی، علی پلھ اور اصغر ناریجو نے عدالت کے سامنے اور پریس کلب میں بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر شاہنواز کے لواحقین کے حق میں فیصلہ آیا ہے، اس سے بھی مدد مل سکتی ہے اور اس کیس کے چھپے ہوئے کردار کو تلاش کرنے میں بھی مدد ملے گی۔