لگتا ہے سوال ہر روز اٹھے گا کیس عام بینچ سنے گا یا آئینی بینچ؟ جسٹس منصور

93

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) عدالت عظمیٰ میں مسابقتی کمیشن سے متعلق ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر سماعت میں جسٹس منصور علی شاہ نے آئینی بینچ کا تذکرہ کردیا۔ اپیل پرسماعت کے دوران جسٹس منصورعلی شاہ کاآئینی بینچ کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کیایہ کیس اب آئینی بینچ میں جائے گا یا ہم بھی سن سکتے ہیں؟ لگتا ہے یہ سوال عدالت عظمیٰ میں ہر روز اٹھے گا کہ کیس عام بینچ سنے گا یا آئینی بینچ۔ بیرسٹر فروع نسیم نے کہا کہ سیاسی کیسز اب آئینی کیسز بن چکے ہیں۔ جسٹس عائشہ ملک نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے کہ چلیں جی اب آپ جانیں اور آپ کے آئینی بینچ جانیں۔ جسٹس منصورعلی شاہ نے ریمارکس دیے کہ 3 ہفتوں تک کیس کی سماعت ملتوی کر رہے ہیں تب تک صورتحال واضح ہو جائے گی۔ جسٹس عائشہ ملک نے کہا کہ نئی ترمیم پڑھ لیں،آرٹیکل 199 والا کیس یہاں نہیں سن سکتے۔ اس پر جسٹس منصور علی شاہ نے ریمارکس دیے کہ ویسے بھی ہمیں خود سمجھنے میں ذرا وقت لگے گا۔ خیال رہے کہ ملک میں 26 ویں آئینی ترمیم ہوگئی ہے جس کے بعد اب عدالت عظمیٰ میں آئینی بینچ بنے گا جو آئینی و سیاسی مقدمات کی سماعت کرے گا۔