کندھکوٹ: جاگیرانی برادری کے 2 گروپوں میں تصادم، 6 قتل

58

241022-2-19
کندھکوٹ (نمائندہ جسارت) کچے کے علاقے میں جاگیرانی برادری کے 2 گروپوں میں مویشی مال چوری کرنے کے معاملے پر تصادم میں قتل ہونے والے دونوں فریقین کے 6 افراد کی لاشیں سول اسپتال لائی گئیں، پوسٹ مارٹم کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق کندھکوٹ کے کچے کے علاقے پولیس تھانہ جنگن کی حدود نواحی گاؤں آدم جاگیرانی میں جاگیرانی برادری کے 2 گروپوں میں لڑائی کے دوران ایک فریق کے 4 افراد جبکہ دوسرے فریق کے 2 افراد قتل ہو گئے، تصاوم میں شریک چچا زاد بھائی بتائے جا رہے ہیں۔ قتل ہونے والے سب افراد کی لاشیں پولیس اور ورثاء سول اسپتال لے آئے جہاں ضروری قانونی کارروائی کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ ورثاء لاشیں واپس کچے کے علاقے میں لے گئے، قتل ہونے والوں میں ثناء اللہ، عبید اللہ، ڈھر، دلشیر، مومن اور کریمن جاگیرانی شامل ہیں، واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی کا ماحول ہے، مزید خونریزی کا خدشہ ہے، آخری اطلاع تک پولیس واقعے کا مقدمہ درج کر سکی اور نہ ہی ملزمان گرفتار کر سکی ہے۔