کراچی (رپورٹ:منیر عقیل انصاری) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب،بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان مقرر کیے جانے کے بعد ان کی توجہ کراچی کے مسائل پر کم ہوگئی ہے۔
17ستمبر کے بعد سے میئر کراچی زیادہ وقت کراچی کے بجائے اسلام آباد میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین کے ساتھ گزار رہے ہیں،میئر کراچی کا بلال بھٹوزرداری کے ترجمان بننے اور ان کی عدم موجودگی کے باعث 30 ستمبر 2024 کو بلدیہ عظمیٰ کراچی کا اجلاس عام بھی پہلی بار ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مرادکی زیر صدارت منعقد ہوا تھا جبکہ میئر کراچی کے نہ ہونے کی وجہ سے ڈپٹی میئر شہر کے مسائل کی نشاندہی صرف اپنی پریس ریلیز جاری کرنے تک محدود کی ہوئی ہے۔
بلد یہ عظمی کراچی کے ذارئع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی کی اسلام آبا د میں مصروفیات بڑھ گئی ہیں، میئر کراچی کی عدم موجودگی کی وجہ سے فائلیں بروقت دستخط نہ ہونے کی وجہ سے ترقیاتی کاموں کی رفتار متاثر ہونے کاخد شہ ظاہر کیا ہے دوسری جانب ڈپٹی میئر کو میئر کی جگہ دستخط کرنے کا اختیار بھی نہیں ہے۔
اس حوالے سے کراچی کے شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ 17برس سے صوبے پر حکومت کرنے والی پاکستان پیپلز پارٹی کراچی کو اون کرنے کا دعویٰ تو کرتی ہے لیکن شہر کو کچھ دینے کےلیے تیار دکھائی نہیں دیتی ہے۔ان کی کراچی سے دلچسپی کا اندازہ اس بات سے لگا یا جاسکتا ہے کہ کراچی مسائل کا گڑھا بنا ہوا ہے لیکن میئر کراچی کی زیادہ توجہ اپنے چیئرمین سے وفاداری نبھانے پر لگی ہوئی ہے انھیں کراچی کے شہریوں کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار میئر و ڈپٹی میئر کراچی کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی سے ہونے کے باوجود شہریوں کے مسائل میں کمی آنے کے بجائے مسلسل اضافہ ہور ہا ہے اس شہر کی ترقی اور عوام کی دادرسی کے لیے دعوے اور وعدے تو بہت کرتے ہیں لیکن ایک سال کے دوران میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کی کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے کوئی کارکردگی نظر آتی ہے۔
شہری کہتے ہیں کہ کراچی سب کا ہے مگر اس شہر کا کوئی نہیں بن پاتا۔ میئر کراچی سمیت کراچی کو اپنا شہر کہنے والے بھی اس کی تباہی کو روک نہیں پا رہے ہیں۔ شہر میں بجلی ہے نہ پانی، جگہ جگہ گندگی اور غلاظت کے ڈھیر شہریوں کو منہ چڑاتے ہیں۔ نکاسی آب کو کوئی نظام موجود نہیں ہے کراچی کی پہچان ٹوٹی سڑکیں اور بڑے بڑے گڑھے ہے جو کراچی کے شہریوں کے لیے وبال جان بن گئے ہیں۔
واضح رہے کے17ستمبر2024کومیئر کراچی مرتضیٰ وہاب کو چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا ترجمان مقرر کیا گیا ہے اس سے قبل بیرسٹر مرتضیٰ وہاب ایڈمنسٹریٹر کراچی، مشیر قانون سندھ، مشیر اطلاعات سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان بھی رہ چکے ہیںتاہم34روز سے میئر کراچی اپنا زیادہ وقت اسلام آبا د میں گزر رہے ہیں۔