بیروت: حسن نصراللہ کی جگہ حزب اللہ کی قیادت سنبھالنے والے عبوری سربراہ نعیم قاسم اسرائیل کے قاتلانہ حملے کے پیش نظر لبنان سے ایران منتقل ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایران کی اعلی قیادت نے اسرائیل کی حزب اللہ کے عبوری سربراہ کو قتل کرنے کی دھمکی پر نعیم قاسم کو بیروت سے تہران منتقل ہونے کا حکم دیا تھا۔
اس حوالے سے عالمی کا کہنا ہے کہ حزب اللہ کے عبوری سربراہ نعیم قاسم 5 اکتوبر کو لبنان اور شام کے سرکاری دورے پر آئے ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے زیر استعمال طیارے میں بیروت سے تہران کے لیے روانہ ہوئے۔یہ دعوی متحدہ عرب امارات میں قائم ایرم نیوز کی ایک رپورٹ میں کیا گیا ہے تاہم حزب اللہ اور ایران کی جانب سے اس کی تاحال تردید یا تصدیق نہیں کی گئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نعیم قاسم نے 27 ستمبر کو اسرائیل کے ہاتھوں حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کے قتل کے بعد سے 3 تقریریں کی ہیں جن میں سے دو تہران سے کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ حماس کے ساتھ جنگ کے آغاز سے لے کر اب تک اسرائیل حسن نصر اللہ سمیت حزب اللہ کے کئی صف اول کے رہنماں کو قتل کرچکا ہے، حزب اللہ کی موجودہ قیادت میں سے عبوری سربراہ نعیم قاسم وہ واحد رہنما ہیں جو تنظیم کے بانی ارکان میں سے ہیں اور عوام میں نہایت مقبول ہیں۔