اسرائیل ایرانی ایٹمی تنصیبات پر حملے کا سوچے بھی نہیں،روس کا انتباہ

75

ماسکو (صباح نیوز) روس نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ ایرانی نیوکلیئر تنصیبات پر حملہ کرنے کے بارے میں سوچے بھی نہیں۔ روسی نائب وزیر خارجہ سرگئی ریاب کوف کے حوالے سے روس کے خبر رساں ادارے تاس نے اس انتباہ کو رپورٹ کیا ہے۔ ایران نے اسرائیل پر یکم اکتوبر کو اسرائیل پر جوابی میزائل حملہ کیا تھا تو اس وقت سے یہ افواہیں موجود ہیں کہ اب اسرائیل ایک بار پھر ایران پر بھی حملہ کرے گا۔ اس سلسلے میں اسرائیل کے ایران میں ممکنہ اہداف بھی زیر بحث آرہے ہیں جن میں ایرانی نیوکلیئر اور تیل سے متعلق تنصیبات اسرائیل کے نشانے پر آنے کا خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔روسی نائب وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ ہم یہ بار بار انتباہ کر چکے ہیں کہ اسرائیل ایرانی تنصیبات پر حملہ کرنا تو درکنار اس بارے میں سوچنے سے بھی گریز کرے۔ اگر ایسا ہوا تو یہ ایک بہت بڑی تباہی پر مبنی پیش رفت ہوگی اور علاقے میں ان تمام اصولوں کی خلاف ورزی ہوگی جو علاقے کے ملکوں کا نیوکلیئر بموں سے تحفظ ممکن بناتے ہیں۔ روسی میڈیا نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ روسی نائب وزیر خارجہ نے بتایا ہے کہ روس اور ایران کے درمیان مسلسل رابطہ ہے اور یہ رابطہ خطے کی موجودہ کشیدگی کے علاوہ بھی ہر سطح پر رہتا ہے۔ روس نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ یوکرین جنگ کے شروع میں ہی اپنے تعلقات کو بہت گہرا کر لیا تھا۔ روس اور یوکرین کی جنگ فروری 2022 ء سے جاری ہے۔