لاہور(اے پی پی):پنجاب حکومت نے سموگ سے بچا ئو کیلئے مصنوعی بارش کے انتظامات مکمل کر لیے ہیں ۔ اتوار کے روز جاری اپنے ایک بیان میں سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے کہا کہ سموگ سے بچا ئو کیلیے محکمہ ماحولیات، آرمی ایوی ایشن، سول ایوی ایشن، پی سی ایس آئی آر اور محکمہ موسمیات کی جانب سے مشترکہ حکمت عملی تیار لی گئی ہے اور اس سلسلے میں ضرورت کے مطابق مصنوعی بارش کی جائے گی،مصنوعی بارش و دیگر اقدامات کیلئے وسائل بھی مہیا کر دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت پر محکمہ موسمیات کی معاونت سے مصنوعی بارش کی جائے گی، سموگ کی شدت کی صورت میں تمام انتظامی اقدامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی بارش کے حوالے سے بین الاقوامی معیار کے مطابق عمل کیا جائے گا،ایک بار مصنوعی بارش کرنے پر 50سے 70لاکھ روپے لاگت آئے گی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ زہریلا دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، کارخانوں اور دیگر ذرائع کے خلاف کریک ڈائون جاری رہے گا،زہریلے دھوئیں سے بچائو کے اقدامات سے ماحول بہتر کر لیں تو مصنوعی بارش کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے اپیل کی کہ اگرعوام ساتھ دیں تو مل کر سموگ سے بچائو کے جہاد کو کامیاب بنا یا جا سکتا ہے،ہر شہری کا تعاون انسانی جانیں بچا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی شہری فصلوں کی باقیات کو جلتا دیکھے، صنعتوں سے دھواں اٹھتا یا مقدار سے بڑھ کر دھواں چھوڑتی گاڑیاں دیکھے تو 1373پر اطلاع دے۔