سندھ ہائیکورٹ کی پٹیشن نمبر 1734/2024 اور 4279/2020 کے احکامات کی روشنی میں چیف سیکرٹری سندھ نے تمام ڈپٹی کمشنر کو تحریری ہدایات نامہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام ڈپٹی کمشنرز، محکمہ محنت کے ذیلی ادارے سندھ ایمپلائز سوشل سیکورٹی انسٹی ٹیوشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تعلقہ، ٹاؤن اور ڈسٹرکٹ کی سطح پر مزدوروں کی سیسی میں رجسٹریشن کے حوالے سے فوری طور پر کیمپ قائم کریں اور ایک سنجیدہ مہم چلائی جائے جس کے ذریعے گھروں پر کام کرنے والے افراد سے لے کر صنعتی و کمرشل اداروں میں کام کرنے والے ہر محنت کش کی سماجی تحفظ کے ادارے میں رجسٹریشن کو یقینی بنایا جائے۔ ان ہدایات کے بعد مختلف ڈپٹی کمشنرز نے اپنے کام کا آغاز کردیا ہے ساتھ ہی مختلف ڈسٹرکٹ کے سول جج بھی سندھ سوشل سیکورٹی کے اسپتالوں اور ڈسپنسریوں کا ہنگامی دورہ بھی کررہے ہیں۔ کمشنر سیسی میانداد راہجو نے بھی اس حوالے سے گزشتہ دنوں سیسی کے تمام ڈائریکٹرز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا ایک اہم اجلاس سیسی ہیڈ آفس کراچی میں منعقد کیا تھا۔