حکمراں محنت کشوں کو دیوار سے لگا رہے ہیں‘ شمس الرحمن سواتی

145

نیشنل لیبر فیڈریشن ضلع گوجرانوالہ کا ماہانہ جائزہ اجلاس محترم شمس الرحمن سواتی مرکزی صدر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلعی و ڈویژنل ذمے داران کا حلف لیا گیا۔اور پچھلے ماہ کا جائزہ اور آئندہ ماہ کی پلاننگ کی گئی۔ضلعی صدر رانا عبد الجبار اور نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے ارکان سے کلیدی خطاب کیا۔ مزدور حقوق کی جدوجہد کو تیز کرنے کا عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے کہا کہ پاکستان میں محنت کشوں کے لیے ہر دن مصائب اور مشکلات کا دن ہے۔ حکمرانوں نے اپنی لوٹ مار اقرباء پروری سے پاکستان کو تباہ وبرباد کردیا ہے۔ قومی اداروں کو تباہ کر کے اسے نجکاری کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔ محنت کشوں کی مراعات ختم کرنے کے منصوبے بنائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اگر محنت کشوں کی پنشن ختم کرنا چاہتی ہے تو پہلے جرنیلوں، ججوں اور سابق صدور کی پنشن بند کی جائے۔ محنت کشوں نے اپنے خون پسینے سے ملک وقوم کی آب یاری کی ہے لیکن مخصوص اشرفیہ نے اپنی لوٹ مار سے ملک کو بحران میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیانت دار قیادت ہی پاکستان کو بحران سے نکال سکتی ہے۔