امیرجماعت اسلامی ضلع سکھر کی زیرصدارت اجلاس

77

سکھر (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی ضلع سکھر مولانا حزب اللہ جکھرو کی زیر صدارت مقامی جماعتوں کے ذمے داران کا ایک اجلاس منعقدہوا۔ اجلاس میں نائب امرائے ضلع عبدالحلیم تنیو، رضااللہ گھمرو،میر ہزار خان لاشاری، ضیا الرحمن جونیجو، میر ہزار خان بجارانی،کریم ا للہ اور محبوب علی مہر سمیت دیگر نے شرکت کی۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر ضلع مولانا حزب اللہ جکھرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی رابطہ عوام ممبر شپ مہم بھرپور طور پر جاری ہے، تمام ارکان کارکنان اس مہم کو بھرپور طور پر جاری رکھیں، ماہ اکتوبر پورا مہینہ رابطہ عوام مہم چلائی جائے۔انہوں نے کہا کہ ہر شہر مقام پر کیمپ لگائے جائیں اور وفود کی صورت میں ملاقاتیں کر کے تاجروں وکلا ، طلبہ ، دکانداروں، عام شہریوں سمیت تمام لوگوں کو جماعت اسلامی کی دعوت پیغام پہنچائی جائے۔انہوں نے اظہار افسوس کرتے کہا کہ حکومت صرف اقتدار کو دوام بخشنے کیلئے کوشاں ہے اسے عوام کی پریشانیوں و مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے، حکومت کا صرف آئینی ترمیم پر زور ہے، کیا اس سے عوام کی بیروزگاری مہنگائی بے امنی کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ بھر میں بے امنی ہے بالخصوص ضلع گھوٹکی، کندھکوٹ کشمور بری طرح متاثر ہے، لوگ غیر محفوظ ہیں، حکومت اور پولیس کوئی بھی اقدام نہیں اٹھا رہی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پولیس افسران کے درمیان چلنے والی چپقلش کو ختم کر کے امن امان پر توجہ مرکوز کی جائے، عوام محفوظ ہوں گے تو پر امن ماحول ہوگا، اس وقت خود پولیس چوکیاں تک غیر محفوظ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام میں سندھ کبھی ترقی نہیں کر سکتا، سندھ کے عوام کو نااہلوں سے سندھ کو آزاد کرانا ہوگا، اس کے لیے جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جدوجہد کر رہی ہے ان شاء اللہ یہ جدوجہد رائیگاں نہیں جائے گی، سندھ شاہ عبدالطیف بھٹائی کی دھرتی ہے امن وامان ہماری ترجیح ہے۔