حجاج کرام کی خدمت ایک بہت بڑی سعادت ہے، سفیر پاکستان احمد فاروق

233
پاکستان حج والینٹیرز گروپ کے عہدیداران سفیر پاکستان احمد فاروق کے ہمراہ بیٹھے ہیں

سعودی عرب میں متعین اسلامی جمہوریہ پاکستان کے سفیراحمد فاروق نے پاکستان حج والینٹیرز گروپ کے عہدیداران اور رضاکاروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کرام کی خدمت ایک بہت بڑی سعادت اور مقبول عبادت ہے۔ ریاض میں پاکستان حج والینٹیرز گروپ کی جانب سے رضاکاروں کو تعریفی اسناد دینے کی پر وقار تقریب سے خطاب کررہے تھے جس میں رضاکاروں سمیت مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی اکابرین سفارتخانہ پاکستان کے افسران اور صحافیوں نے خصوصی شرکت کی تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن مجید فرقان حمید سے کیا گیا عابد شمعون چاند کے مطابق سفیرپاکستان احمد فاروق نے مزید کہا کہ حجاج کرام اللہ کے مہمان ہوتے ہیں اور ان کی خدمت اللہ کی رضا اور اجر کے حصول کا بہت بڑا ذریعہ ہے۔ ہم سب کو انسانیت کی خدمت و فلاح کے لیے بھر پور کوششیں کرنی چاہیے۔ حج رضاکار گروپ انتہائی منظم انداز اورآعلیٰ صلاحیتوں کے ساتھ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کا فریضہ سر انجام دیتا ہے جو قابل تعریف ہے۔ پاکستان حج والینٹیرز گروپ کے مرکزی چیف کوآرڈینیٹر اشرف علی خان کا کہنا تھا کہ پاکستان حج والینٹیرز گروپ نہ صرف اللہ کی رضا کے لیے بلا معاوضہ خدمات سر انجام دیتا ہے بلکہ پاکستان کی نیک نامی عزت اور وقار کا باعث بھی ہے۔ ہم اپنی خوش قسمتی سمجھتے ہیں کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں مسلمانوں سے اللہ تعالی نے انہیں اپنے مہمانوں کی خدمت کے لئے منتخب کیا۔ یقینا ہمارے رضاکاروں کی خوش قسمتی ہے کہ وہ اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لئے پورے جوش و جذبے ایمانی قوت کے ساتھ سر گرم عمل ہیں پاکستان حج والینٹیرز گروپ کے سینئیر ممبر ابرار تنولی نے حج 2024 کے حوالے سے گروپ کی کارکردگی رپورٹ پیشں کی جس کو حاضرین نے خوب سراہا اور آئندہ حج پر اپنی رضاکارانہ خدمت کی یقین دہانی کروائی تقریب سے ابوبکر ، عبداللہ سلیم ، عزیز الرحمن اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے پاکستان حج والینٹیرز گروپ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے پوری ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔ تقریب کے آخر میں حج کے دوران رضاکارانہ خدمات سر انجام دینے والوں رضاکاروں کو تعریفی اسناد دی گئیں جبکہ اعلی کارکردگی کے حامل افراد سمیت صحافیوں کو تعریفی سرٹیفکیٹ اور دیگر انعامات سے نوازا گیا۔