اُردو اکیڈمی جدّہ کی جانب سے جمیل خیرآبادی کی زیرصدارت عالمی مشاعرہ

215

اُردو اکیڈمی جدّہ کی جانب سے منعقدہ بین الاقوامی مشاعرہ کے ساتھ ہی سرزمینِ جدّہ میں اُردو ادب کے حوالے سے کامیاب مشاعروں کی فہرست میں ایک اور کامیاب مشاعرہ کا اضافہ ہوا۔ اُردو اکیڈمی جدّہ، جو کئی برسوں سے ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ادبی تقریبات کے انعقاد میں سرگرم ہے، نے اس مشاعرہ کے ذریعہ ایک اور سنگ میل عبور کیا۔ مشاعرہ کی صدارت برصغیر کے مایہ ناز شاعر جمیل خیرآبادی نے کی جبکہ دورِ حاضرمیں شعراء کی فہرست میں نمایاں مقام رکھنے والی شخصیات ڈاکٹرخورشید رضوی (ستارہ امتیاز) اور ممتاز صحافیہ ڈاکٹر شائستہ مہہ جبین نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی شرکت کی۔ حافظ محمد عبدالسلام، صدر اُردو اکیڈمی جدّہ نے اس مشاعرہ کی نگرانی کی۔ عربی اور عجمی حلقوں میں ممتاز سعودی شخصیت محمد عبدالقدیر حسن صدیقی (سابق صدر شعبہ شپنگ لائنز، چیمبر آف کامرس جدہ) اور طنز و مزاح میں اپنی منفرد شاعری و انداز میں ماہر خالدعرفان نے بحیثیت مہمانانِ اعزازی اس مشاعرہ کو رونق بخشی۔ مشاعرہ کا آغاز حافظ محمد نظام الدین غوری، معتمد نشر و اشاعت اکیڈمی کی تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا۔ سید محمد خالد حسین مدنی، نائب صدر اکیڈمی اور مہمان نعت خواں محمد شعیب حسین نے نعت شریف پڑھنے کی سعادت حاصل کی۔ جدہ کے مشاعروں میں نقابت کے حوالے سے ممتاز شخصیت جناب اسلم افغانی نے نقابت کے فرائض انجام دیے۔ حافظ محمد عبدالسلام صدر اکیڈمی نے استقبالیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس مشاعرہ کا مقصد ادب، زبان، اور شاعری کے فروغ کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر مختلف ثقافتوں کے شعراء کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا تھا اور الحمدللہ ہمیں اس میں کامیابی ملی۔ انہوں نے صدرِ مشاعرہ، مہمانان، اور سامعین کا نثر اور نظم کے ذریعے استقبال کیا۔ اس بین الاقوامی مشاعرہ میں ہندوستان، پاکستان، امریکہ اورسعودی عرب کے شعراء نے شرکت کی اور اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ شرکاء میں محترم جمیل خیرآبادی، ڈاکٹر خورشید رضوی، ڈاکٹر شائستہ مہہ جبین، محترم خالد عرفان، محترم ناصر برنی، محترم مہتاب قدر، محترم اطہر نفیس عباسی، محترم احمد الفاروقی، محترم ارشد قدوائی، محترم فیصل طفیل، محترم فرحت اللہ خان، ڈاکٹر سمیرہ عزیز، محترمہ امرینہ قیصر، اور محترم تقدس علی خیرآبادی شامل تھے۔ ہر شاعر نے اپنے منفرد انداز میں شاعری کے ذریعے سامعین کو محظوظ کیا اور مختلف موضوعات جیسے محبت، امن، انسانیت، قدرت، اور معاشرتی مسائل پر اپنے اشعار پیش کیے۔ سامعین نے ہر شاعر کی شاعری کو خوب سراہا اور داد دی۔ قبل ازیں جناب محمد عبدالمجیب صدیقی، معزز رکن اُردو اکیڈمی جدّہ، کی وطن واپسی کے ضمن میں اکیڈمی کی خدمات کے اعتراف میں انہیں یادگار تحفہ پیش کیا گیا۔ اردو اکیڈمی جدّہ کے ذمہ داران و اراکین حافظ محمد عبدالسلام، صدر؛ سید محمد خالد حسین مدنی، نائب صدر؛ سید نعیم الدین باری، معتمد؛ محمد منور خان، خازن؛ اسلم افغانی، محمد یوسف وحید؛ اعجاز احمد خان، مشیرِ اعلیٰ؛ ڈاکٹر مرزا قدرت نواز بیگ؛ حافظ محمد نظام الدین غوری، معتمد نشر و اشاعت؛ محمد عبدالمجیب صدیقی؛ سید عبدالوھاب قادری نے مہمانوں کی خدمت میں گلدستے، مومنٹو اور تحائف پیش کیے۔ صدرِ مشاعرہ محترم جمیل خیرآبادی نے حافظ محمد عبدالسلام، حافظ محمد نظام الدین غوری، اور محترم عبدالمجیب صدیقی کی اپنی جانب سے شال پوشی کی۔ امریکہ میں اُردو ادب کے حوالے سے مشہور خادمِ اردو جناب شوکت محمد کی زندگی پر مرتب کردہ کتاب “سنگ میل” کا رسم اجراء محترم خالد عرفان اور محترم سید نعیم الدین باری کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر جدہ کی مختلف تنظیموں کے ذمہ داران جن میں عارف قریشی بزم عثمانیہ، عبدالقیوم، محمد فاروق، نصیراشفاق بزم اتحاد جدہ، ڈاکٹر اشفاق منیار، ڈاکٹر اقبال منیارانڈین کمیونٹی لیڈرز، سید افضل الدین نقشبندی اہلیان جدہ، سراج وہاب، سینئر صحافی عرب نیوز اور دیگر شامل تھے۔ سامعین کی کثیر تعداد نے مشاعرہ کو کامیاب بنایا اور شعراء کے کلام کو خوب داد و تحسین سے نوازا۔ تقریب کے اختتام پر سید نعیم الدین باری، معتمد اُردو اکیڈمی جدہ، نے تمام شعراء اور سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ آخر میں شعراء اور سامعین نے آپس میں مزید تبادلہ خیال کیا اور ایک دوسرے سے ملاقات کی۔ مشاعرہ میں شرکت کرنے والے سامعین کا ردعمل بے حد مثبت تھا۔ ہر عمر کے افراد نے اس مشاعرہ میں جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور عالمی سطح کے شعراء کی شاعری سننے کے بعد کہا کہ ایسی تقریبات نہ صرف اُردو ادب کے فروغ کا ذریعہ بنتی ہیں بلکہ مختلف ثقافتوں کے درمیان ہم آہنگی بھی پیدا کرتی ہیں۔ یہ بین الاقوامی مشاعرہ ہر لحاظ سے کامیاب رہا اور شرکاء نے مستقبل میں مزید ایسی تقریبات کے انعقاد کی امید ظاہر کی۔