ہم سعودی تجارتی وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں، ناصرحبیب

141
دائیں طرف وزیرآعظم شہباز شریف سعودی تجارتی وفد کے ہمراہ، بائیں طرف ناصرحبیب

ہم سعودی وزیرسرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی سر پرستی میں اعلی سطحی وفد کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ امید ہے کہ حالیہ دورہ مملکت خداداد پاکستان کے لیے خوش آئند ہوگا اور پاک سعودی تجارتی تعلقات میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ انشاء اللہ پاکستانی معیشت کیلئے اس دورے کے مثبت اور فائدہ مند نتائج حاصل ہونگے۔ ان خیالات کا اظہار سعودی عرب کی معروف سماجی اور کاروباری شخصیت مرکزی چیئرمین پاک سعودی فرینڈ شپ فورم ناصر حبیب نے معروف صحافی عابد شمعون سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ناصر حبیب کا کہنا تھا سعودی عرب نے پاکستان کو معاشی بحران سے نکالنے کے لیے ایک مضبوط چٹان کا کردارادا کیا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان کا مقصد سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ تاریخی اور ثقافتی برادرانہ تعلقات کو ترقی پرمضبوط شراکت داری میں تبدیل کرنا ہے۔ سعودی عرب ایسا ملک ہے جس نے شروع دن سے پاکستان کا ہمدرد رہا ہے ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کی مدد کیلئے پیش پیش رہا ہے۔ اب بھی سعودی عرب اپنی روایت کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔ یہ جذبہ دوستی کی دنیا میں ایک بہترین اور قابل تقلید مثال ہے۔ ناصر حبیب نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ پاک سعودی دو طرفہ تعلقات نئی بلندیوں پر پہنچ چکے ہیں۔ دو طرفہ تجارتی تعاون، دفاع ، تعلیم ، زراعت اور ثقافت تک پھیلے ہوئےہیں جو دونوں قوموں کے درمیان علم ، ہنر ، مہارت کا تبادلہ ، جدت ، ترقی کو فروغ دے گا۔ سعودی وفد کی سرمایہ کاری کے معاہدوں پر دستخط ہونا اس بات کی نشاندہی کر رہا ہے کہ سعودی عرب سمیت دیگر ممالک پاکستان پر اپنے اعتماد اور بھروسے کا اظہار کر رہے ہیں جو کہ پاکستان کی معیشت کے لیے مژدہ جانفرا ہے ہم سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے احسان مند ہیں کہ وہ پاکستان کی ترقی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں ، ناصر حبیب نے کہا کہ موجودہ سعودی قیادت کی پاکستان کے لیے غیرمتزلزل حمایت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں انشاء اللہ دونوں ملکوں کی سرمایہ کاری سے پاک سعودی دوستی مضبوط سے مضبوط تر ہو گی سعودی عرب میں مقیم پاکستانی اپنے آعلیٰ اخلاق اور مثالی کردار سے پاکستان کا وقار بلند کریں۔