اسرائیل بیروت اور اطراف میں حملے کم کرے، امریکا

61

واشنگٹن (صباح نیوز) امریکی وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے کہا ہے کہ امریکا چاہتا ہے کہ اسرائیل لبنان کے دارالحکومت بیروت اور اس کے اطراف میں اپنے حملے کم کرے۔ عالمی میڈیا کے مطابق آسٹن نے مزید کہا کہ ’’شہریوں کی ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، ہم اسرائیل کو بیروت اور اس کے ارد گرد حملوں میں کمی دیکھنا چاہتے ہیں اور ہم مذاکرات کی طرف منتقلی دیکھنا چاہتے ہیں جس سے دونوں طرف کے شہری اپنے گھروں کو لوٹ سکیں‘‘۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ میں نے جنوبی لبنان میں اقوام متحدہ کی امن فوج یونیفل کی سیکورٹی کا مسئلہ اسرائیلی وزیر دفاع یوآو گیلنٹ کے ساتھ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ “اسرائیل نے مجھے بتایا کہ حالیہ دنوں میں ہونے والے متعدد واقعات کے باوجود اقوام متحدہ کی فورس کو نشانہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے”۔ ایک اور تناظر میں امریکی وزیر دفاع نے کہا کہ “غزہ کے شہریوں کو وہ انسانی امداد ملنی چاہیے جو انہیں زندہ رہنے کیلیے درکار ہے اور اس کا زیادہ حصہ ان تک پہنچنا چاہیے”۔