اسرائیل کے قتل عام بند کرنے تک دنیا میں امن ناممکن ہے، اردوان

33

استنبول (صباح نیوز) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کا کہنا ہے کہ جب تک فلسطین اور لبنان میں قتل عام جاری رہے گا، خطے اور اس سے باہر امن کا حصول ممکن نہیں ہے۔ ترک میڈیا کے مطابق صدر اردوان نے جرمن چانسلر اولاف شولز کا اپنے دفتر میں استقبال کیا، ملاقات کے بعد اردوان اور شولز اموری عشائیے پر یکجا ہوئے۔ مشترکہ پریس کانفرنس میں صدر اردوان نے کہا کہ شولز سے ملاقات کے دوران انہوں نے غزہ اور مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیل کی جانب سے کی جانے والی نسل کشی اور لبنان میں ہونے والے حملوں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ خطے میں انسانی المیہ بدقسمتی سے جاری ہونے کا ذکر کرتے ہوئے اردوان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ یہ ضروری ہے کہ عالمی برادری مستقل جنگ بندی کو یقینی بنانے، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل پر ضروری دباؤ ڈالنے کے لیے اپنی پوری کوشش کرے۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین اور لبنان میں قتل عام جاری ہونے تک ہمارے خطے اور اس سے آگے امن کا قیام نا ممکن ہے۔