کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہےکہ کراچی میں جس دن سے ٹاؤن چیئرمینز کو محدود اختیارات ملے اس کے بعد سے جماعت اسلامی کے تمام ٹاؤن کے چییرمینز نے اپنے اپنے ٹاؤنز میں عوامی ریلیف کے لیے کام شروع کردیے، مختصر وقت میں لیاقت آباد ٹاؤن کے چیئرمین نے 11 ماہ میں 11 پارکس اور 2 اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا۔
منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اور ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب کے ہمراہ ٹاؤن کے تحت اہلیان لیاقت آباد کے لیے محمدی اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا اور محمدی گراؤنڈ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہاکہ حافظ نعیم الرحمن نے کہا تھا کہ ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ اختیارات سے بڑھ کر کام کریں گے، آج حافظ نعیم الرحمن کی پوری ٹیم شہر کو روشنیوں کا شہر بنانے کا کام کررہی ہے، جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز اہلیان کراچی کو پارکوں، اسپورٹس کمپلیکس اور اربن فاریسٹ کے تحائف دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ آج سے 20سال قبل نعمت اللہ خان نے محمدی گراؤنڈ آباد کیا تھا،ہم عزم کرتے ہیں کہ 2025میں محمدی گراؤنڈ کو ازسر نو آباد کریں گے، لیاقت آباد ٹاؤن کراچی کا دل ہے، پورے پاکستان میں تحریکوں کا مرکز لیاقت آباد ہوتا تھا۔ ہمیشہ سے لیاقت آباد کے لوگوں نے تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے۔
منعم ظفر خان کاکہنا تھا کہ گزشتہ 20 سال میں اہلیان لیاقت آباد کی شناخت تبدیل کردی گئی، نوجوانوں کو منشیات میں لگایا گیا اور ان کے ہاتھوں سے کتاب اور قلم چھین لیے گئے، جماعت اسلامی کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام کی جماعت ہے،ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، پیپلز پارٹی کراچی کو سندھ کا حصہ ہی نہیں سمجھتی اور نہ ہی کراچی کو اس کا حق دیتی ہے، بلدیاتی انتخابات میں بھی کراچی میں جماعت اسلامی کی نشستوں پر قبضہ کرکے میئرشپ کو چھینا گیا اور آج تک ترقیاتی فنڈز نہیں دیے، ہم انہی وسائل اور اختیارات میں شہریوں کی خدمت کررہے ہیں اور شہریوں کے حقوق بھی حاصل کریں گے۔