ہارٹ سرجری  میں خواتین کی شرح اموات مردوں سے زیادہ ہے، رپورٹ

94

واشنگٹن: طبی ماہرین نے ایک نئی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ہارٹ سرجری  میں خواتین کی شرح اموات مردوں سے زیادہ ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق طبی ماہرین نے کہا ہے کہ دل کی سرجری کے بعد سامنے آنے والی پیچیدگیوں کا مردوں اور خواتین کو یکساں سامنا کرنا پڑتا ہے تاہم اموات کی شرح دیکھی جائے تو مردوں سے زیادہ خواتین زیادہ اموات کا شکار ہوتی ہیں۔

تحقیق کاروں نے ساڑھے 8 لاکھ سے زیادہ کیسز کا مطالعہ کیا اور ان جائزوں کے نتیجے میں جو بات سامنے آئی، اس میں انکشاف ہوا کہ خواتین کے مرنے کی تعداد مردوں کے مقابلے میں زیادہ ہے۔

2015ء سے 2020ء کے درمیان ایسے دل کے آپریشنز، جن میں بائی پاس، مائٹرل اورٹک والو یا اورٹک اینیوریزم کی مرمت جیسے پروسیجرز شامل تھے، ان میں خاصی پیچیدگیاں دیکھنے میں آئیں۔

مشی گن ہیلتھ یونیورسٹی میں متعلقہ ماہرین کی ٹیم نے  تحقیق سے حاصل نتائج سے متعلق بتایا کہ کم و بیش 15 فی صد مرد و خواتین  مریضوں نے ہارٹ سرجری کے بعد پیچیدگیوں کا سامنا کیا ، جس میں مرنے والے مردوں کی تعداد 8.6 فی صد تھی جب کہ خواتین میں یہ تعداد 10.7 فی صد ریکارڈ ہوئی۔