عمران خان کو امید ہے مولانا عدلیہ کی آزادی کیلیے ہمارے ساتھ کھڑے ہونگے‘ بیرسٹر گوہر

70

اسلام آباد (صباح نیوز) پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عمران خان نے مولانا کی تعریف کی اور کہا کہ وہ ہر سختی میں ہمارے ساتھ عدلیہ کی آزادی کے لیے کھڑے ہوں گے۔ اسلام آباد کے پی کے ہاؤس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مطالبہ کرتے ہیں خان صاحب کے حقوق کا خیال رکھا جائے، ان سے 45 منٹ ملاقات ہوئی، خان صاحب کے سیل میں 5 روز سے بجلی نہیں ہے، انہیں تنہائی میں رکھنا، چھوٹے سیل میں رکھنا انسانی و آئینی حقوق کی خلاف ورزی ہے انہیں وہ سہولتیں دی جائیں جو قانوناً ملنا ان کا حق ہے، 2 ہفتے سے انہیں ٹی وی اور اخبار کی سہولت نہیں‘ حالیہ آئینی ترامیم کی پیش رفت سے وہ لاعلم تھے ہم نے انہیں آگاہ کیا۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خان صاحب نے اپنی بہنوں کی گرفتاری پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ میں اور میرے خاندان والے ہمیشہ قربانی دیں گے، پوری قوم سے پرامن رہنے کی اپیل ہے۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات کے دوران ہم نے اپنی اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان پیش رفت سے انہیں آگاہ کیا ‘ 15،20 منٹ بانی پی ٹی آئی نے اپنی حالت بتائی‘ عمران خان سے سے مشاورت مکمل نہیں ہوسکی، ہمارا خیال تھا کہ ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ ملاقات ہوگی مگر 45 منٹ بعد پولیس والوں نے کہہ دیا کہ ملاقات کا وقت ختم ہوگیا ہے، پیر کو بانی پی ٹی آئی سے دوبارہ ملاقات کی کوشش کریں گے ۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے 2 سینیٹرز بھی اٹھا رکھے ہیں انہیں ہمارے حوالے کیا جائے، اگر ترامیم کے لیے لوگوں کو توڑیں گے تو وہ درست نہیں ہوگا، حکومت کے پاس دو تہائی اکثریت نہیں ہے‘ حکومت کوشش کر رہی ہے کہ اتفاق رائے پیدا کرے مگر جو طریقہ کار اپنایا جا رہا ہے وہ غلط ہے۔