ابوظہبی ٹی 10 سیزن 8 میں 179 بین الاقوامی میگا اسٹارز کی شرکت

198
ابوظہبی: ٹی 10کے ایڈیشن میں شریک 8ٹیموں کے کپتانوں کا گروپ فوٹو

ابوظہبی (اسپورٹس ڈیسک):ابوظہبی ٹی 10 کے 2024 ایڈیشن میں ایک اور سنسنی خیز پلیئرز ڈرافٹ ہوا جس میں نوجوان ٹیلنٹ کو مرکزی مقام حاصل ہوا ۔ رواں سال ایک ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے رجسٹریشن کرائی تھی جس میں سے تقریبا 450 کھلاڑیوں کو ڈرافٹ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا اور ان میں 107 کو 10 ٹیموں میں جگہ ملی۔ ٹورنامنٹ میں 10 فرنچائزز شرکت کررہی ہیں جس میں 2 نئی فرنچائزز بولٹس عجمان اور یو پی نوابز کے علاوہ دیگر 8 فرنچائزز نیو یارک اسٹرائیکرز، دکن گلیڈی ایٹرز، ناردرن واریئرز، مورس ویل اسیمپ آرمی، دہلی بلز، بنگلہ ٹائیگرز، ٹیم ابوظبی اور چنئی بریو جیگوارز شامل ہیں ۔ ابوظبی ٹی 10 کے 2024 ایڈیشن میں مجموعی طور پر 179 بین الاقوامی میگا اسٹارشرکت کریں گے جس سے یہ اب تک کا سب سے بڑا سیزن بن جائے گا۔ابوظہبی ٹی 10میں 11مختلف ممالک کے کھلاڑی منتخب کئے گئے ہیں ان میں ویسٹ انڈیز کے 20، متحدہ عرب امارات کے 17، سری لنکا کے 15 اور پاکستان کے14کھلاڑی شامل تھے۔ افغانستان نے 11انگلینڈ کے 9، زمبابوے کے 5، بنگلہ دیش کے 3، آسٹریلیا کے 3اور نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے 2،2 کھلاڑیوں کا بھی انتخاب ہوا ہے۔