۔4 مرتبہ ملتوی ہونے کے بعد سینیٹ اجلاس 3 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا

90

اسلام آباد(مانیٹر نگ ڈ یسک ) سینیٹ کا چار مرتبہ ملتوی ہونے والا اجلاس رات کو 8 بجے شروع ہونا تھا جو تقریبا 3 گھنٹے تاخیر سے شروع ہوا۔مقررہ وقت پر عملے نے اجلاس کے پیش نظر گھنٹیاں بجائیں تاہم ڈیڑھ گھنٹے میں صرف 9 سینیٹر ایوان پہنچ سکے۔ جبکہ اس دوران چیئرمین سینیٹ اور ڈپٹی چیئرمین بھی چیمبر سے غائب رہے۔مسلم لیگ ن کے سینیٹر مصدق ملک 8 منٹ تاخیر سے پہنچے تو ایوان خالی دیکھ کر دوسرے دروازے سے نکل گئے جبکہ پیپلزپارٹی کی سینیٹر پلواشہ خان بھی ایک دروازے سے داخل ہوکر دوسرے سے واپس روانہ ہوگئیں۔اس کے بعد ن لیگ کے سینیٹر ساجد میر پہنچے اور وہ بھی دوسرے دروازے سے روانہ ہوگئے۔ بعد ازاں 20 منٹ کی تاخیر کے بعد پیپلزپارٹی کی پلوشہ رحمان، شہادت اعوان، ایم کیو ایم کی خالدہ اطیب ایوان میں پہنچیں۔ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب ایک گھنٹہ تاخیر کے بعد ایوان میں پہنچے۔بعد ازاں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی زیر صدارت اجلاس شروع ہوا جس میں صرف 37 اراکین شریک ہوئے۔ اجلاس کی کارروائی کا آغاز ہونے کے بعد سینیٹر عرفان صدیقی نے وقفہ سوالات موخر کرنے کی قرارداد پیش کی جسے ایوان نے منظور کرلیا۔